پنجاب میں آج سے تمام اسکول کھل جائیں گے، چند اداروں کا فیصلہ ماننے سے انکار

School

School

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب میں اسکولوں کی بندش اور اب کھولنے کے معاملات پر مذاکرا ت اوریقین دہانیوں کے بعد بالآخر حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ جس میں پرائیویٹ اسکول مالکان کے تحفظات کو دور کر کے انکے مطالبات کو تسلیم کر لیا گیا ہے۔

درج مقدمات میں کوئی کارروائی نہیں ہو گی اور ڈسٹرکٹ کمیٹی کیس ٹو کیس جائزہ لیکر انکو ختم کرے گی۔ اداروں کے تقدس کو برقرار رکھا جائے گا۔ حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد پرائیویٹ اسکولز کے ادیب جاودانی اور کاشف مرزا گروپس نے یکم فروری کو اسکول کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تاہم بیکن ہاؤس، سٹی سکول، ایل جی ایس، لاکاس، لرننگ الائس اور دوسرے بارہ بڑے اسکول سسٹمز نے یکم فروری کو اسکول کھولنے سے انکار کرتے ہوئے والدین کو اسکولوں کی بندش کے ایس ایم ایس بھجوا دئیے ہیں۔

ترجمان طبریز بخاری کا کہنا ہے کہ سینئر منیجمنٹ حکومتی نوٹیفکیشن کا جائزہ لیکر آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی جبکہ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا مشہود کا کہنا تھا کہ اسکول مالکان کے تحفظات دور کر دئیے ہیں اور اب یکم فروری کو تمام سکول کھلیں گے۔

حکومت پنجاب نے چھبیس جنوری کو اکتیس جنوری تک کے لئے رات گئے فیصلہ کر کے اسکول بند کر دئیے تھے جس کے بعد حکومت اور پرائیویٹ اسکولز میں سکیورٹی معاملات پر تنازعات پیدا ہوئے تھے۔