پنجاب کے 12، سندھ کے 8 اضلاع میں31 اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے، الیکشن کمیشن کی منظوری

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی منظوری دیدی، پہلے مرحلے میں 31 اکتوبر کو پنجاب کے بارہ اور سندھ کے آٹھ اضلاع میں پولنگ ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول منظور کر لیا ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب کے بارہ اور سندھ کے آٹھ اضلاع میں 31 اکتوبر کو پولنگ ہوگی۔

بلدیاتی الیکشن کے مرحلے میں پنجاب کے جن بارہ اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں فیصل آباد، لاہور، قصور، ننکانہ صاحب، بھکر، اوکاڑہ، بہاولنگر، گجرات، چکوال، پاکپتن، وہاڑی اور لودھران شامل ہیں۔

سندھ میں خیر پور، سکھر، گھوٹکی، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور کشمور شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار سات سے گیارہ ستمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔

کاغذات کی جانچ پڑتال بارہ سے ستمبر سے سترہ ستمبر تک ہوگی، الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار یکم اکتوبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست دو اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ کے جن اضلاع میں 31 اکتوبر کو پولنگ ہونی ہے ان کی انتخابی فہرستیں بھی سیل کر دی ہیں جبکہ ان اضلاع میں ہر قسم کے ترقیاتی منصوبوں کے اعلان پر بھی پابندی عائد کر دی۔

ان اضلاع میں سرکاری ملازمین کے تقرر و تبادلوں پر بھی پولنگ تک پابندی لگادی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔