پنجاب میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، لاہور سے اسلحہ کی بڑی کھیپ کے ساتھ 11 ملزمان گرفتار

Arms Smugglers

Arms Smugglers

لاہور (جیوڈیسک) سی آئی اے پولیس نے پنجاب میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑنے اور دہشت گردوں کے 6 سہولت کاروں سمیت 11 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی آئی اے پولیس کے مطابق پنجاب میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے جس میں لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران اسلحہ کی بڑی کھیپ پکڑی گئی جب کہ دہشت گردوں کے 6 سہولت کاروں سمیت 11 افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اسلحہ کے دو بڑے اسمگلروں کو ٹھوکر نیاز بیگ اور چار اسلحہ اسمگلروں کو کلاشنکوف سمیت لاری اڈے سے گرفتار کیا گیا، اس کے علاوہ دیگر افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا جنہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اسلحہ کار کے خفیہ خانوں میں چھپاکر بنوں سے لاہور اسمگل کیا جارہا تھا جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا جب کہ قبضے میں لیے گئے اسلحہ میں سیکڑوں پستولیں ،درجنوں رائفلیں اور لاکھوں گولیاں ہیں۔