کراچی؛ سی پی ایل سی آفس گورنرہاؤس سے آئی جی آفس منتقل کرنے کا فیصلہ

Qaim Ali Shah Chaired Meating

Qaim Ali Shah Chaired Meating

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سی پی ایل سی آفس گورنر ہاؤس سے آئی جی آفس منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں رینجرز و پولیس کے افسران سمیت صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور سیال، وزیرخزانہ مراد علی شاہ، وزیربلدیات شرجیل میمن اور دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ نے صوبے میں امن و امان سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر سی پی ایل سی آفس کو گورنر ہاؤس سے آئی جی آفس منتقل کرنے، کچی آبادیوں کو بہتر طریقے سے ریگولرائز کرنے سمیت ریسکیو 1122 کی طرز پر سندھ میں بھی ریسکیو سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر جلد اسکینرز نصب کئے جائیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیرداخلہ نے امن و امان سے متعلق بریفنگ دی جب کہ اس موقع پر آئندہ بجٹ میں پولیس کے لئے فنڈز مختص کرنے کی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جب کہ اجلاس کے دوران مطالبہ کیا گیا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے لئے وفاقی حکومت فوری پالیسی جاری کرے۔

وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کا اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے پولیس اور رینجرز کی کارکردگی قابل تعریف ہے جب کہ دونوں محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے قربانیں دیں جنہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، شہر قائد میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے خلاف پروپیگنڈہ کو روکنے کے لئے آئی ایس پی آر سے بھی مدد لیتے ہوئے پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کیا جائے گا۔