خلیل الرحمٰن قمر کی لکھی فلم میں مرکزی کردار ادا کرونگی، سارہ لورین

Sara Loren

Sara Loren

لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ سارہ لورین کی فنی صلاحیتوں سے استفادہ کے لیے پاکستانی فلم میں منفرد کردار لکھنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔ حقائق پرمبنی کہانیاں لکھنے کے ماہرخلیل الرحمن قمر نے اس سلسلہ میں ایک فلم کی کہانی پر باقاعدہ کام شروع کردیا ہے۔

فلم میں مرکزی کردارسارہ لورین ادا کریں گی جب کہ دیگرکاسٹ میں ٹی وی انڈسٹری کے معروف فنکاروں کوسائن کیا جائے گا۔ دوسری جانب رواں برس کے آخرمیں فلم کی شوٹنگ کا آغازہوگا جس کے لیے سارہ لورین بھارت سے پاکستان آئیں گی۔ اس سلسلہ میں جب سارہ لورین سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے’’ایکسپریس‘‘ کو اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمیشہ سے خواہش رہی ہے کہ میں ایسے کردار ادا کروں جس کے ذریعے میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار بھرپور انداز میں کرسکوں۔

بالی ووڈ میں اب تک جتنا بھی کام کیا ہے اس کو بہت سراہا گیا بلکہ اب مجھے مزید اچھوتے کردار آفر ہو رہے ہیں۔ ان میں سے ایک فلم کی شوٹنگ کے لیے جلد ہی امریکا جاؤںگی جب کہ دیگر پراجیکٹس پر بھی کام جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں فلمسازی کا معیار بہترین ہو رہا ہے اور مجھے بھی گزشتہ کچھ عرصہ سے فلموں میں مرکزی کرداروں کی پیشکش تھی لیکن مجھے ایسے مرکزی کرداروں کی ہمیشہ سے تلاش رہی ہے جس کو لوگ برسوں یاد رکھیں۔

اس سلسلہ میں پاکستان کے معروف رائٹرخلیل الرحمن قمر ایک فلم لکھ رہے ہیں جس میں مرکزی کرداراداکرنے کے لیے میں نے رضامندی ظاہرکردی ہے۔ فلم کی کہانی اورکاسٹ کے ساتھ ساتھ فلم کے میوزک اورلوکیشنز پربھی خاص توجہ دی جارہی ہے۔ فی الوقت توخلیل الرحمن قمر فلم کی کہانی لکھنے میں مصروف ہیں لیکن اس کے بعد دسمبرمیں شوٹنگ شروع کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ میں نے بھارت میں اپنے پروڈیوسروں کواس سلسلہ میں پہلے ہی آگاہ کردیاہے، اسی لیے اب میری فلم کی شوٹنگ کا شیڈول ترتیب دیا گیا ہے اور ایک ماہ کے دوران امریکا میں فلم کی شوٹنگ مکمل کی جائے گی۔ یہ بھی ایک اہم فلم ہے جومیرے چاہنے والوں کے لیے سرپرائز ثابت ہوگی۔