قندیل بلوچ کا قتل، پنجاب اسمبلی میں بحث کا مطالبہ

 Qandeel Baloch-Murder

Qandeel Baloch-Murder

اسلام آباد (جیوڈیسک) سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والی پاکستانی ماڈل قندیل بلوچ کے قتل پر پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں بحث کے لیے تحریکِ التوا جمع کروائی گئی ہے۔

یہ تحریک حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکنِ اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔

حنا پرویز بٹ نے ٹوئٹر پر اپنی اس تحریک التوا کے متن کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔

اس تحریکِ التوا میں کہا گیا ہے کہ قندیل بلوچ کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا اور یہ قتل حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔

حنا بٹ نے اپنی تحریک میں یہ بھی کہا ہے کہ تمام ذرائع ابلاغ میں قندیل بلوچ کی موت کے اسباب جاننے کے لیے بحث ہو رہی ہے جبکہ ملک میں ان کے قتل پر غیر سرکاری تنظیمیں اور سول سوسائٹی احتجاج کر رہی ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اس تحریک التوا کو باضابطہ قرار دیا جائے اور ایوان میں بحث کے لیے منظور کیا جائے۔