قطر اور سعودی عرب کے تنازعہ سے عالم اسلام کا نقشہ انتہائی خطرناک صورت اختیار کر گیا ہے۔ شہیر سیالوی

 Shaheer Sialvi

Shaheer Sialvi

اسلام آباد: صدر سٹیٹ یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے صدر شہیر سیالوی اور سیکرٹری نشرواطلاعات عمرسلیم گھمن نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قطر اور سعودی عرب کے تنازعہ سے عالم اسلام کا نقشہ انتہائی خطرناک صورت اختیار کر گیاہے۔ اس سارے کھیل کا فائدہ دشمن اور نقصان عالم اسلام کو ہوگا۔ پاکستان اور ترکی مل کر اس تنازع کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ امریکہ خوش ہے کہ ہر مسلمان ملک اس سے اسلحہ خرید کر اپنے مسلمان بھائی کو مارنے کی تیاریاں کررہاہے۔ اس گھنائونے کھیل کے پیچھے یہودی دماغ ہے اور اس کا اصل مقصد ہی اسرائیل کو محفوظ بنانا ہے۔ اگرہم نے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ نہ کیا تو تباہی و بربادی سے بچنامشکل ہوگا۔ اسلام دشمن قوتیں امریکی سرپرستی میں عالم اسلام کو تقسیم اور امت مسلمہ کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کے لیے گھنائونا کھیل کھیل رہی ہیں اور امریکہ کے وارے نیارے ہیں ، اس کا اسلحہ کا کاروبار خوب چمک رہاہے اور ہر مسلمان ملک اس سے اسلحہ خرید رہاہے۔امریکہ عالم اسلام کے وسائل ،تیل ، معدنیات اور سونے کے ذخائر پر قبضہ کرنے کے لیے مسلم ممالک کو تباہ کن جنگ کی آگ میں جھونک رہا ہے۔

پہلے وہ عراق کو تین ٹکڑوں میں تقسیم کر چکاہے ، باقی مسلمان ممالک کو آپس میں الجھا کر ان کے ٹکڑے کرنا چاہتاہے انہوں نے کہاکہ کبھی لوگ مشکل کی گھڑی میں آسمان کی طرف دیکھتے تھے اور اب ہمارے حکمران واشنگٹن کی طر ف دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے کئی خلیجی ممالک میں اپنے فوجی اڈے قائم کر رکھے ہیں جہاں پورا ماحول مغربی ہے ،مغربی تہذیب پھیلائی جارہی ہے اور امریکی فوجی مقامی لوگوں سے آقا و غلام کا سلوک روا رکھے ہوئے۔ انہو ں نے کہاکہ اس گھمبیر صورتحال سے نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ امت کے بڑے سر جوڑ کر بیٹھیں اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت اور بیس کروڑ مسلمانوں کا ملک ہے اور عالم اسلام کی امیدوں کا مرکز ہے اس لیے پاکستان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ترکی کے ساتھ مل کر قطر اور سعودی عرب کے تنازعہ کوحل کریں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ایران عراق جنگ اور عراق کو گمراہ کر کے کویت پر حملے کے لیے اکساناامریکی سازش تھی۔ امریکہ نے عراق پر حملہ کر کے دس لاکھ مسلمانوں کا قتل عا م کیا اور عراق کے تیل کے کنواں پر قبضہ کر لیا لیکن خلیجی ممالک نے اس ساری صورتحال سے کوئی سبق نہیں لیا ، جس کا فائدہ اٹھا کر امریکہ دوبارہ انہیں جنگ و جدل میں الجھا کر اپنا اسلحہ بیچنا اور اسلامی دنیا کے وسائل پر قابض ہوناچاہتاہے۔ اس مواقع پر ڈپٹی پریس سیکرٹری طاہر گوندل،ارسلان حیدراور علی حسن جاوید بھی موجود تھے۔