کوئٹہ میں کریکر دھماکہ، ایک کمسن بچہ ہلاک دو زخمی

Quetta Cracker Blast

Quetta Cracker Blast

کوئٹہ (جیوڈیسک) کچھ عرصے تک خاموشی کے بعد، پیر کو کوئٹہ میں ہونے والے ایک تازہ واقعے میں ایک کمسن بچہ ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق، کوئٹہ کے نواحی علاقے جناح ٹاؤن میں دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا، جہاں تین سے آٹھ سال تک کی عمر کے بچے گھر کے سامنے کھیل رہے تھے۔

اِسی اثنا میں، موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص نے پلاسٹک کے تھیلے میں رکھا گیا دھماکہ خیز مواد اُن کی طرف پھینک دیا۔ ایک بچے نے تھیلہ اُٹھانے کی کوشش کی جس سے دھماکہ ہوا اور اُس سے بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ ایک لڑکی اور لڑکا زخمی ہوگئے۔

بتایا جاتا ہے کہ دونوں بچوں کو فوری طور سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔ ادھر، ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

واقعہ کے بعد پولیس اور فرنٹیر کور بلوچستان کے حکام اور اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد قبضے میں لے لئے۔ واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ زمین کی خرید و فروخت کا کام کرنے والے دو گروپوں کے درمیان تنازعے کے باعث پیش آیا، جس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے واقعہ کی سخت الفاط میں مذمت کی ہے اور پولیس حکام کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔