کوئٹہ میں فائرنگ کے 3 واقعات میں 10 افراد جاں بحق

Quetta Firing

Quetta Firing

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں فائرنگ کے 3 واقعات میں 10 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے گاڑی میں سوار افراد اور راہ گیر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت بشیر، غلام رسول، عبدالحمید اور نوید کے نام سے ہوئی جب کہ 6 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق بلوچستان کے علاقے مچھ سے ہے، فائرنگ کا واقعہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ ہے، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی۔

دوسرے واقعے میں كوئٹہ كے علاقے ارباب كرم خان روڈ پر شاہ زمان روڈ كے قریب واقع نیشنل ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے ركشے پر فائرنگ كردی جس كے نتیجے میں 4 افراد پرویز، فردوس، كامران اور طارق ہلاک ہوگئے۔

لاشوں كو سول ہسپتال منتقل كردیا گیا جہاں ضروری كارروائی كے بعد انہیں ورثا كے حوالے کردیا گیا۔ پولیس كے مطابق ابتدائی طور پر واقعے كی وجوہات معلوم نہ ہوسكیں تاہم تفتیش جاری ہے۔

کوئٹہ میں پیش آنے والے تیسرے واقعے میں دشت روڈ سبی پھاٹك كے قریب نامعلوم افراد كی فائرنگ سے ایك شخص جاں بحق ہوگیا جس كی شناخت محمد اعظم ولد میر آزاد سكنہ كیچی بیگ كے نام سے ہوئی ہے۔ لاش كو ضابطے كی كارروائی كے بعد ورثا كے حوالے کر دیا گیا۔