کوئٹہ میں پولیس اور ٹریفک پولیس کا دیرینہ مسئلہ حل

Traffic Police

Traffic Police

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں پولیس اور ٹریفک پولیس کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا، ٹریفک پولیس والوں کو ہیوی ڈیوٹی موٹرسائیکلیں اور پولیس کو 7 نئی موبائلیں فراہم کردی گئیں۔

کوئٹہ میں قیام امن اور گشت کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے پولیس کی پیٹرولنگ ٹیموں کو 7 نئی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ ان گاڑیوں کی خوبی یہ ہے کہ یہ بیٹری کے ذریعے 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بغیر پیٹرول کے چلتی ہیں۔

جدید آلات سے لیس گاڑیاں ملنے سے پولیس اہلکار خوش ہیں اور حالات کی بہتری کے لیے پر عزم دکھائی دیتے ہیں۔ٹریفک پولیس کو بھی جدید طرز کی 8 ہیوی ڈیوٹی موٹر سائیکلیں فراہم کی گئی ہیں۔ جن میں ہائیڈرولک بریک، چھ گیئر، سائرن، لائٹیں اور دیگر ضروری آلات نصب ہیں۔

یہ گاڑیاں ملنے پر ٹریفک سارجنٹ بھی خوش ہیں کیونکہ اب ان کا کام آسان ہوگیا ہے۔پولیس اور ٹریفک اہل کاروں کا کہنا ہے کہ جدید گاڑیاں ملنے سے وہ ٹریفک کنٹرول کرنے اور امن کے قیام کے لیے اپنے فرائض کی ادائیگی میں مزید جانفشانی سے کام کریں گے۔