کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، چار شدت پسند ہلاک

Quetta Security Forces

Quetta Security Forces

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں سرکاری حکام نے ایک مقابلے میں چار شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ یہ واقعہ شہر کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب پیش آیا۔

شالکوٹ پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے دعوی کیا کہ ہزار گنجی کے علاقے میں ایک کمپاؤنڈ میں شدت پسندوں کی موجودگی اطلاع تھی۔

اہلکار نے بتایا کہ اس پر سیکورٹی فورسز اور پولیس کے اہلکاروں نے اس علاقے میں مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں کمپاؤنڈ میں موجود چار شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس کارروائی کے دوران دو سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ اگرچہ سرکاری حکام کا دعوی ہے کہ چاروں افراد مقابلے میں مارے گئے لیکن آزاد ذرائع سے تاحال اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

مارے جانے والے چاروں افراد کو شناخت کے لیے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منقل کر دیا گیا۔

پولیس اہلکار کے مطابق تاحال ان افراد کی شناخت نہیں ہوئی لیکن پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق مارے جانے والے ان افراد کا تعلق کالعدم شدت پسند تنظیموں سے تھا۔

واضح رہے کہ یہ کارروائی کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج پر خودکش حملے کے تین روز بعد کی گئی ہے جس میں 61 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔