کوئٹہ میں دہشت گردی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ ( ای یو) کے چیئرمین علی رضاسید نے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پربہت افسوس اوردکھ ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ایک مذمتی بیان میں کہا کہ یہ حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں زرغون روڈ پر اتوارکے روز چرچ پر دہشت گرد حملے میں دو خواتین سمیت 8 افراد جان سے گئے جبکہ44 زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انھوں کہاکہ دہشت گردانہ واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل نفرت ہیں۔ انھوں نے ان واقعات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ تشد د اور دہشتگردی کسی بھی صورت میں قابل تحمل نہیں۔ بے گناہ اورنہتے لوگوں پرحملے ہرگز قابل قبول نہیں۔ یہ آزادی، انسانی اقدار اور انسانیت پر حملہ ہے۔

علی رضاسید نے اس موقع پرپاکستان کی عوام اور خاص طورپر اس واقعے میں مارے جانے والے افرادکے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہارکیا اور ان کی مغفرت کی دعا کی۔ انھوں نے مزید کہاکہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور دنیاکی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف متحدہوناہوگا اور اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور قوم نہیں بلکہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔