کوئٹہ: سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کا بائیکاٹ 9 ویں روز بھی جاری

Protest

Protest

کوئٹہ (جیوڈیسک) پی ایم اے اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں انوکھا احتجاج کیا۔ پریس کلب کے سامنے کھانے پینے کے اسٹالز اور درخت پر جعلی نوٹ لگا کر فنڈز کی خرد برد روکنے کا مطالبہ کیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق محکمہ خزانہ سے سول ہسپتال کی مشینری کے لئے فنڈرز جاری کرنے کی اپیل کی گئی مگر فنڈرز نہ ہونے کا رونا رونے والوں کے گھروں سے میگا کرپشن کی خطیر رقم برآمد ہوئی۔

دوسری جانب 9 روز سے ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج اور سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز کا بائیکاٹ جاری ہے۔ ڈاکٹرز اپنے مطالبات پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

انکا کہنا ہےکہ دو روز قبل اغواء ہونے والے ڈاکٹر ارشاد کھوسہ کو فوری بازیاب کرایا جائے بصورت دیگراحتجاج کو وسعت دیتے ہوئے ایمرجنسی بھی بند کر دیں گے۔

او پی ڈیز کے بائیکاٹ کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ حکومت مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے اغواء شدہ ڈاکٹر کو بازیاب کروائے تاکہ انکی مشکلات میں کمی آ سکے۔