ریس 3 منفی تبصروں کے باوجود باکس آفس پر چھائی رہی

 Race 3

Race 3

ممبئی (جیوڈیسک) بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے جب ’ریس‘ سیریز میں کام کرنے کی حامی بھری تو مداح اس فلم کے تیسرے حصے سے بہت سی امیدیں وابستہ کرنے لگے تھے، تاہم فلم کی ریلیز کے بعد سے اب تک تبصرہ نگاروں کی صرف منفی آراء ہی سامنے آتی رہی ہیں۔

منفی ریویوز کے باوجود سلمان خان کی فلم ریس 3 نے اب تک باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ فلم کے اپنی ریلیز کے 5 روز میں 137 کروڑ ہندوستانی روپے کا بزنس کرلیا۔ خیال رہے کہ ریس سیریز میں سلمان خان نے سیف علی خان کی جگہ لی تھی، اس فلم سیریز کی کہانی ہمیشہ دھوکا دینے اور پیسے کمانے کے موضوع کے گرد گھومی۔ تاہم ریس 3 کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ سلمان خان نے اس کی کہانی کو بہت حد تک تبدیل کردیا، جس کے باعث ریس سیریز کا انداز بدل گیا اور یہی وجہ ہے کہ فلم کو شائقین کے منفی ریویوز ملے۔

کئی افراد نے سوشل میڈیا پر یہ بھی کہا کہ ریس 3 کا بزنس صرف اور صرف سلمان خان کی اسٹار پاور کی وجہ سے ہوا البتہ فلم کی کہانی نہایت کمزور رہی۔ فلم ’ریس 3‘ میں سلمان خان کے علاوہ جیکولین فرنینڈز، انیل کپور، بوبی دیول اور ڈیزی شاہ نے اہم کردار ادا کیے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ریس 3 پاکستان میں ریلیز کے بعد کیا کمال دکھائے گی۔