عہد راحیل شریف، پاک فوج کے کارہائے نمایاں

Raheel Sharif

Raheel Sharif

تحریر : اختر سردار چودھری
پاک فوج کی جرات ودلیری، عزم وحوصلے، ایمان ویقین ، ایثار وقربانی کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی ،وطن عزیز کی سرحدوں کا دفاع ہو یا قدرتی آفات ، امن و امان کا مسلہ ہو یا دہشت گردی کے واقعات تو پاک فوج ہی اپنی شاندار روایات اور کارکردگی کو برقرار رکھتی ہے اور اپنی ذمہ داری اور فرض احسن طریقے سے نبھاتی ہے۔ پاک فوج دنیا کی چھٹی بڑی فوج ہے، دنیا کی دس بہترین افواج میںسے سرفہرست پاک فوج ہی ہے ، پہلے نمبر پر پاک فوج دوسرے پر امریکا اور تیسرے پر بھارت ہے۔ویسے تو افواج پاکستان کے کارناموں کے حوالے سے کتابیں بھری پڑی ہیں لیکن چند روز پہلے شائع ہونے والی نئی کتاب ”عہد راحیل شریف، پاک فوج کے کارہائے نمایاں” نے پاکستان سمیت پوری دنیا میں دھوم مچادی ہے۔ معروف کالم نگار، فیچر رائٹر اور میگزین ایڈیٹر جناب ندیم نظر کی پہلی خوبصورت،منفرد اور لاجواب کاوش ”عہد راحیل شریف، پاک فوج کے کارہائے نمایاں” اس وقت میرے ہاتھوں میں ہے۔ جس کا تھا انتظار وہ شاہکا رآہی گیا ، وہ کتاب جو کل تک ایک نہایت خوبصورت اور دلکش خواب کی صورت میں میری آنکھوں اور خوابوں میں تکمیل کے مراحل طے کر رہی تھی وہ آج حقیقت بن کر میرے ہاتھوں میں موجودہے۔

یہ کتاب افواج پاکستان اور اس سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک نایاب ترین تحفہ ہے۔ اس انمول کتاب میں پاک فوج کے جوانوں کے لازوال اور بے مثال، کارناموں، کامیابیوں اور قربانیوں کوسپرد قلم کیا گیا ہے ۔ حقیقت میں یہ کتاب افواج پاکستان کے حوالے سے ایک تاریخ ساز دستاویز کی حثییت رکھتی ہے۔ مصنف نے کتاب کا پہلا انتساب مرحوم والدمحترم سینئر صحافی اور مصنف غلام محی الدین ،والدہ محترمہ اور اپنے استاد محترم ضیا شاہد کے نام کیا ہے جبکہ دوسرا انتساب آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے نام کیا ہے ۔216 صفحات پر مشتمل اس کتاب میں مصنف کی 43خوبصورت تحریریں شامل ہیں ۔جبکہ16صفحات پرافواج پاکستان کے حوالے سے نایاب تصاویرنے کتاب کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

اس کتاب کے حوالے سے ضیا شاہد چیف ایڈیٹرروزنامہ خبریں،یوسف عالمیگرین ایڈیٹرہلال میگزین،جنرل (ر)مرزا اسلم بیگ سابق چیف آف آرمی سٹاف،جنرل (ر)غلام مصطفی ،جبار مرزا، پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان نیازی ، جمیل اطہر قاضی ، ایثار رانا ،علامہ عبدالستارعاصم ،محمد تزئین اختر اور شہزاد فرمواش کی قیمتی آراء شامل کی گئی ہیں۔ اس کتاب میںافواج پاکستان،شہداء افواج پاکستان اور خاص طور پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے عہد میںملنے والی کامیابیوں، کارناموںکو سنہری الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ مرزااسلم بیگ سابق چیف آف آرمی سٹاف نے ندیم نظر کی کتاب ”عہد راحیل شریف، پاک فوج کے کارہائے نمایاں” کو علمی اور تحقیقی قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ حالات حاضرہ کے طالب علموں کواس کتاب سے خاطر خواہ رہنمائی حاصل ہوگی۔

Nadeem Nazar Book

Nadeem Nazar Book

یوسف عالمگیرین ایڈیٹرہلال میگزین نے کہا کہ افواج پاکستان نے جس بہادری اورپیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کی سرکوبی کی ہے وہ قابل ستائش ہے ،بالخصوص آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں اور ان کے نیٹ ورک کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کے لئے قوم افواج پاکستان اور عسکری قیادت کی صلاحیتوں کی مترا دف ہی نہیں بلکہ پوری طاقت کے ساتھ ان کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ندیم نظر کی یہ کاوش قابل ستائش ہے۔
جنرل (ر)غلام مصطفی نے کہا کہ مورخ جب پاکستان کی تاریخ لکھے گا تو افواج پاکستان ، ضرب عضب ،اور راحیل شریف کے تذکرے کے بغیرمکمل لکھ نہیں پائے گا،تاریخ لکھنے والے پرفرض ہے کہ ایک بار ندیم نظر کی تصنیف” عہد راحیل شریف، پاک فوج کے کارہائے نمایاں” کا مطالعہ لازمی کرے ۔ معروف سینئر کالم نگا ر جبار مرزا نے کہا کہ ندیم نظر صحافت کی دنیا کا ایک معتبر حوالہ ہیں وہ گزشتہ ربع صدی سے قلم وقرطاس سے رشتہ جوڑے ہوئے ہیں۔

قلم کی حرمت کی پاسداری ا نہیں ورثے میں ملی ہے، ان کے والد گرامی جناب غلام محی الدین نظر کو صحافتی دنیامیںکون ہے جو نہیں جانتا ہوگا۔ان کی کتاب انتہائی معلوماتی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ جنگ صرف محاذ پر ہی نہیں لڑی جاتی بلکہ دلوں،ذہنوںاور جذبہ حب الوطنی سے لڑی اور جیتی جاتی ہے۔ ڈاکٹرمحمد اجمل نیازی نے کہا کہ ندیم نظر کی کتاب دیکھ کر مجھے کئی حقیقتوں کا پتہ چلا ۔جنرل راحیل شریف نے تھوڑے سے وقت میں حقیقت کو حقائق بنا کر رکھ دیا ،ندیم نظر کی اس جامع کتاب کے باوجود لگتا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی طرف سے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ، میرا دل کہتا ہے کہ جنرل راحیل شریف کوئی ایسا کارنامہ ضرور کریں گے جو لکھنے کے قابل ہوگا ،اوراس پر تحر یرلکھنے کا اعزاز بھی ندیم نظر کو ہی حاصل ہوگا۔

جمیل اطہرنے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے جب پاک فوج کی کمان سنبھالی تو وطن عزیز سرحدوں کے اندر اور باہر مشکلات کا شکار تھا،وہ دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے اور ملک کو بحران سے نکالنے کے تمام تر پیشہ وران صلاحیتیں،توانائی صرف کردیںکئی برس بعد وطن عزیز امن کا گہوارہ بن رہا ہے ا نہوں نے کہا کہ ندیم نظر نے کتاب میں شامل تحریروںمیں اعدادوشماراور پیشہ وارنہ صلاحیتوں کے اعتبار سے پاکستانی فوج کا دنیا کی دیگر افواج کے ساتھ مدلل انداز میں موزانہ اور تجزیہ کیا ہے ایثار رانا نے کہا کہ ندیم نظرجہاں ایک خوبصورت دل کا مالک ہے وہیں اللہ پاک نے اسے ایک سچے پاکستانی کی سوچ بھی عطا کی ہے ،ندیم نظر اپنی ماں سے حد سے زیادہ محبت کرتا ہے ا ور اتنی ہی وہ اپنے وطن سے محبت کرتا ہے اپنی فوج سے محبت کرتا ہے، میں نے کتاب میں شہدا کے لئے لکھے گئے الفاظ پڑھتے ہوئے اس کی آنکھوں سے آنسو جھلکتے دیکھے ہیں۔

Nadeem Nazar

Nadeem Nazar

محمد تزئین اختر نے کہا کہ افواج پاکستان پر بلاشبہ ہر پاکستانی فخر کرتا ہے کیونکہ ملکی اداروں میں سب سے منظم ادارہ مسلح افواج ہی ہے جو کہ وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کا محافظ بھی ہے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ میرے دوست ندیم نظر نے مسلح افواج کے کارناموں پر شاندار روشنی ڈالی ہے،ندیم نظر کی کتاب ”عہد راحیل شریف، پاک فوج کے کارہائے نمایاں” طالب علموں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی علامہ عبدالستار عاصم نے کہا کہ ندیم نظر نے نہایت ہی باریک بینی سے مشائدہ کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے،افواج پاکستان نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے جو قابل ستائش کاوشیں کی ہیں انہیں تاریخ میں زندہ جاویدکردیاہے ،ندیم نظر کے قلم کا یہ بہت بڑا کارنامہ ہے کہ انہیں سپرد قلم کر کے ایک جگہ محفوظ کرکے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

معروف کالم نگار ، فیچر رائٹر شہزاد فراموش کتاب کے حوالے سے اپنا اظہار خیال کچھ اس طرح سے کرتے ہیں۔ندیم نظر اپنی تحریروں میں اپنی ایٹمی طاقت پر نازاں دکھائی دیتا ہے تو کہیںپاک فوج کے ڈرونز پر فخر ،کسی تحریر میں پاک فوج کو عالم اسلام کا محافظ ثابت کرتا ہے تو کہیں پاک فوج کی زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی کاروائیوں ں کو قدر کی نگا سے دیکھتا ہے اور پاک فضائیہ کے کیمپ پر حملے کو بزدلانہ قرار دیتا ہے کہیںتھری عوام کے ساتھ فوج کے حسن سلوک سے متاثر ہے تو کبھی آئی ایس آئی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے پاک بحریہ کو سمندروں کا محافظ کہتا ہے، حقیقت میں ندیم نظر کو افواج پاکستان سے عشق ہوگیا ہے اس کی حب الوطنی پر جتنا ناز کیا جائے کم ہے پیش لفظ میں مصنف لکھتے ہیں کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب شروع ہوتے ہی میرے اندر کے ادیب اور صحافی نے سرگوشی کی ندیم نظر قلم کو اٹھا لو اور پاک فوج کی ضرب عضب آپریشن کی ہر کامیابی پر نظر رکھو جو دہشت گردوں کو کچلنے اور پاکستان کا پرچم سربلند کرنے کے لئے سرانجام دیا گیا ہو۔مصنف نے خود کو قارئین کی عدالت میں پیش کر دیا ہے کہ اس کے قلم سے جذبہ حب الوطنی سے سر شار ،حقیقت اور سچ پر مبنی الفاظ کیسے لگے۔

ندیم نظر کہتے ہیں کہ محبت ہمیشہ زندہ رہتی ہے اورکبھی فنا نہیںہوسکتی۔ محبت خلوص کا دوسرا نام ہے۔ میرے ساتھ محبت کرنے والے میرے دوست ہی میرا قیمتی سرمایہ ہیں۔چوبیس سال کے صحافتی سفر میںنے بہت کچھ کھویا اور بہت کچھ پایا جس پر میں اپنے رب کا بے حدشکرگزار ہوں۔ بلاشبہ آج میںجس مقام پر ہوں، ضیا شاہد صاحب کی محبت کا ہی نتیجہ ہے ، ان کی سرپرستی میرے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ۔ میری ہر تحریر کا ہر ایک لفظ ضیا شاہد صاحب کا دیا ہوا ایک تحفہ ہے۔ان کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔ ”عہد راحیل شریف، پاک فوج کے کارہائے نمایاں” کے مصنف نامور قلم کار محترم جناب ندیم نظر صاحب میگزین ایڈیٹر کوایک بہت ہی اچھی، منفرد اور خوبصورت کتاب لکھنے پر دل سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔اور” عہد راحیل شریف، پاک فوج کے کارہائے نمایاں” کی کامیابی کے لئے ،مبارکباد کیساتھ بہت ساری نیک تمنائوں کے ساتھ دعا گو ہوں ۔میری گزارش ہو گی ہر محب وطن دوست سے کہ وہ اس کتاب کو اپنے مطالعہ میں ضرور شامل کرے۔افواج پاکستان کے حوالے سے شائع ہونے والے اس انمول خزانے کو پاکستان کی ہر لائبریری کا لازمی حصہ بنایا جانا چائیے۔

Akhtar Sardar Chaudhry

Akhtar Sardar Chaudhry

تحریر : اختر سردار چودھری

Nadeem Nazar Book

Nadeem Nazar Book