ریلوے حکام ان ایکشن، 13 ہڑتالی ڈرائیورز گرفتار

Khawaja Saad Rafique

Khawaja Saad Rafique

لاہور (جیوڈیسک) ریلوے ڈرائیورز کی ہڑتال کے بعد حکام نے ایکشن لے لیا، 13 ہڑتالی ڈرائیورز کو گرفتار کرلیا گیا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے تمام ٹرینیں اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں، ہڑتالی ڈرائیورز شریر بچوں والی حرکتیں نہ کریں، ڈیوٹی پر واپس آ جائیں، حادثات میں ملوث ڈرائیوروں کے ساتھ رعایت نہیں برتی جا سکتی۔

ریلوے ڈرائیورز کی ہڑتال پر حکام نے بھرپور ایکشن لیا ۔ 13 ہڑتالی ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا گیا۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سخت موقف اپنایا اور ریلوے ڈرائیورز کو وارننگ بھی دی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا تمام ٹرینیں اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں ، 13 ہڑتالی ڈرائیورز حراست میں ہیں ان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرائیں گے۔

سعد رفیق نے کہا بہت محنت سے اس ادارے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، پاکستان ریلویز کو لنڈا بازار نہیں بننے دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا انتظامیہ نے 6 میں سے 4 مطالبات کو تسلیم کر لیا تھا، تمام پھٹیچر لوکو موٹوز کو بھی دوبارہ سے ٹھیک کیا گیا، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اب پاکستان ریلویز کا پہیہ جام نہیں کیا جا سکتا۔