رواں سال ریلوے کو ساڑھے 4 ارب کا نقصان ہو گا، سعد رفیق

Khwaja Saad Rafiq

Khwaja Saad Rafiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ریلوے لائن ڈبل کرنے کی فزیبلٹی رپورٹ تیارکرلی ہے جب کہ رواں سال ریلوے کو ساڑھے 4 ارب کا نقصان ہوگا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا فتح محمد حسنی کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو ماس ٹرانزٹ منصوبے کے لئے ریلوے زمین نہیں دے سکتے، ڈیزائن فائنل ہونے کے بعد زمین لیزپردینے کا حتمی فیصلہ کریں گے جب کہ ریلوے لائن ڈبل کرنے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرلی ہے تاہم رواں سال ریلوے کو ساڑھے 4 ارب کا خسارہ ہوگا۔

وزیرریلوے نے محکمے کے اسکریپ کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا کہ ریلوے کے پاس ایک ارب سے زائد مالیت کا اسکریپ موجود ہے، مارکیٹ میں اسکریپ کی قیمت میں 10 سے 15 روپے کمی آئی جب کہ مارکیٹ ریٹ کے حساب سے اسکریپ فروخت ہوا تو 55 کروڑ کا نقصان ہوگا۔ سعد رفیق نے کہا کہ اسکریپ کی مارکیٹ ویلیو میں کمی اور پنشنرز کو معاوضے سے ریلوے کومالی نقصان پہنچے گا جب کہ مالی مسائل کے باعث خسارے میں کمی کا ہدف پورا کرنے میں مشکلات ہیں۔