برسات سے قبل نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی میں برساتی نالوں کی عدم صفائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی اداروں کی ناکامی اور نااہلی کا ثبوت یہ ہے کہ شاہ فیصل کالونی کی تمام اندرونی برساتی نالے کچرے سے بھرے ہوئے ہیں اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے اس کی صفائی پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے دوران برسات بارش کے پانی کی عدم نکاسی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے علاقائی سطح پر درپیش عوامی مسائل اور برساتی نالوں کی عدم صفائی کی وجہ سے عوام کو صحت مند ماحول کے حوالے سے درپیش مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا دورے کے موقع پر شاہ فیصل کالونی کے مختلف برساتی نالوں کا معائنہ کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ برسات سے قبل برساتی نالوں کی صفائی کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ نالوں کی عدم صفائی کی وجہ سے علاقہ مکین نکاسی آب کے حوالے سے شدید مسائل سے دو چار ہیں اگر نالوں کی بروقت صفائی کو یقینی نہ بنا یا گیا تو دوران برسات اداروں کی ناہلی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا بعد ازاں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے سیوریج سسٹم کے حوالے سے عوامی شکایات کا معائنہ کرتے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج فلو کی درستگی کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں اور تمام علاقوں میں نکاسی آب کی بہتری کے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کرکے عوام کو سیوریج سسٹم کے ھوالے سے درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلائی جائے۔

MPA Nishat Zia Qadri

MPA Nishat Zia Qadri