رائیونڈ مارچ جعلی مینڈیٹ والوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ ثابت ہو گا، مراد سعید

PTI

PTI

سوات : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری وممبر قومی اسمبلی مراد سعید نے کہا ہے کہ رائیونڈ مارچ جعلی مینڈیٹ والوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ ثابت ہوگا عوام کرپشن فری سیاست کے حق میں ہے۔

کرپٹ اور بد عنوان سیاستدانوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے عوام عمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں عوام عمران خان کو نجات دہندہ اور تحریک انصاف کو حقیقی تبدیلی کیلئے ایک اہم ذریعہ تصور کررہے ہیں ، ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ نیابت سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے حق وصداقت کا علم اٹھارکھا ہے ، اور حکومت کو لوٹنے والے کرپٹ لوگوں کے نقاب سے پردہ اٹھاکر ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لانے کے لئے پر عزم ہیں ، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف اور عمران خان ہی اس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، انہوں نے کہاکہ رائیونڈ مارچ جعلی مینڈیٹ والوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ ہوگا۔

عوام کو اب گھروں سے نکلنا پڑے گا ، اگر آئندہ نسل کوکرپشن فری پاکستان دینا مقصود ہے تو عوام عمران خان اور تحریک انصاف کا ساتھ دے کر کرپٹ اور بدعنون عناصر سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے حکومت پر قابض ہونے والے حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں اور عوام ان سے نجات حاصل کرناچاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جو لوگ تحریک انصاف پر امن مارچ کو ڈنڈوں اور انڈوں کے ذریعے رکوانے کا واویلہ کررہے ہیں ان پر واضح کردیناچاہتے ہیں کہ ڈنڈوں اور انڈوں کے زبان سے باتیں کرنے والوں کوہوش کے ناخن لیناچاہئے اور یہ لوگ اس وقت کہاں تھے جب ان کے قائد نوازشریف پر مصیبت آن پڑی تھی۔

ان کے لئے تو کوئی بھی سڑکوں پر نہیں آئے لیکن آج ان کے لئے مرنے کے لئے بھی تیار رہنے والے واقعی خون کے مجنوں ہیں یا دودھ کے ، انہوں نے کہاکہ دوسری طرف تحریک انصاف کے جنون ہے نون کو جنون کے سامنے آنے کے لئے ٹھنڈے دل ودماغ سے سوچنا چاہئے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو قانون شکنی سے گریز کرناچاہئے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ایک بڑی تبدیلی اور ملک کو کرپٹ لوگوں سے آزاد کرانے کے لئے مصروف عمل ہے اور لوگوں کی امنگوں ، خواہشات اور احساسات کے مطابق تحریک انصاف نے ایک تحریک شروع کررکھی ہے ، انہوں نے کہاکہ رائیونڈ مارچ کابھرپور ساتھ دینا وقت کا تقاضہ ہے۔