راجن پور : چھوٹو گینگ کے 16 یرغمالیوں میں سے 2 بچ نکلنے میں کامیاب

Police Operation

Police Operation

راجن پور (جیوڈیسک) نام چھوٹو لیکن گینگ بڑا اتنا بڑا کہ سات اضلاع کی پولیس، آٹھ آپریشنز کے بعد بھی پکڑنے میں ناکام ہے۔ کچہ جمال راجن پور میں کارروائیوں کے گیارہویں روز فائرنگ کے تبادلے میں چھ اہلکار شہید ہو گئے۔ ڈاکوؤں نےایک ایس ایچ او سمیت سولہ اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، جس کے بعد آپریشن روک دیا گیا ہے۔

یرغمالیوں کی بازیابی کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔ یرغمال بنائے گئے ایلیٹ فورس کے انچارج عمران اسماعیل اور بنگلہ اچھا کے ایس ایچ او حنیف چھوٹو گینگ کے چنگل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

اغواء برائے تاوان، قتل، ڈکیتی، راہزنی، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث گینگ راجن پور، روجھان اور رحیم یار خان کے علاقوں میں دہشت کی علامت بنا ہوا ہے۔ غلام رسول عرف چھوٹو کی سربراہی میں سرگرم گینگ جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہے۔ گھنے جنگلات اور زیر زمین بنکرز کے سبب پولیس آج تک اس گینگ تک نہیں پہنچ سکی۔

دوسری جانب، کچے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایلیٹ فورس کے کانسٹیبل قاضی عبید اللہ کی نماز جنازہ رحیم یار خان پولیس لائن میں ادا کر دی گئی، آجی پنجاب اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔