رمضان میں نائٹ کرکٹ، فٹ بال ٹورنامنٹس پر پابندی عائد کی جائے: راشد شیخ

Rashid Shaikh

Rashid Shaikh

اسلام آباد : اہل حدیث یوتھ فورس اسلام آباد کے صدر راشد شیخ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی بابرکت ساعات میں مسلمان نوجوانوں کو کھیل و تفریح میں الجھا کر ‘ اْن کے دین ‘ مذہب ‘ ثقافت اور ان کے زریں ماضی سے اْن کا رشتہ توڑ ا جا رہا ہے جس کیلئے انہیں ”نائٹ کرکٹ،فٹبال ٹورنامنٹس” کی طرف لگا دیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے تقریباً ہر سیکٹر میںمختلف لبرل سیاسی جماعتوں کی طرف سے منعقدہ کرکٹ، فٹبال ٹورنامنٹس میں نوجوان تراویح کی نماز ادا کرنے کے بجائے کرکٹ ،فْٹ بال وغیرہ کا کھیل کھیلتے اورخوب شورمچاتے ہیںاور اِس طرح یہ بد نصیب خود تو عِبادت سے محروم رَہتے ہی ہیں، دوسروں کیلئے بھی بے حد پریشانی کا باعِث بنتے ہیں۔

راشد شیخ کا کہنا تھا کہ ان کھیلوں کو رمضان کے علاوہ کسی اور مہینے میں کیوں شروع نہیں کیا جاتا، رمضان میں ایک مومن کے لئے لائق تو یہی ہے کہ وہ خیر وبھلائی کے موقعوں کو غنیمت جانتے ہوئے اس خیروبھلائی کے موسم میں اپنے رب کی زیادہ سے زیادہ اطاعت وفرمانبرداری کرے کیونکہ عبادت کیلئے سب سے افضل اوربہتر موسم رمضان المبارک کا مہینہ ہے۔

مسلمان اس ماہ مبارک میں کتنی زیادہ اطاعت کرتا ہے جس کا اجرو ثواب اوربھی زیادہ کردیا جاتا ہے۔حدیث مبارکہ میں ہماری پیارے نبی کا فرمان ہے کہ وہ شخص ذلیل وخوار ہوا اوراس کا ناک مٹی میں مل گیا جس نے ماہ رمضان المبارک کو کھیل کود اور اللہ تعالی کی اطاعت کے بغیر کسی اورچیز میں راتیں گزار کربسر کردیں۔

حتی کہ رمضان المبارک کا مہینہ ختم ہوگیااور وہ اپنی بخشش بھی نہ کروا سکا ۔لہٰذانوجوان اس ماہ مبارک کی مقدس راتوں میں کھیل کود لہو لعب سے اعراض کریں اور لایعنی چیزوں میں وقت کو ضائع کئے بغیرتراویح ‘ تہجد و نوافل اوردیگر عبادتوں کی ادائیگی میں اپنے قیمتی اوقات کو صرف کریں۔