رمضان میں مہنگائی کا جن بے قابو، سستے بازاروں میں سب مہنگا

Pakistan Inflation

Pakistan Inflation

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگایا گیا سستا بازار عوام کو مہنگا پڑگیا ۔ آم ، خربوزہ ، انڈہ سب کچھ مارکیٹ سے مہنگا ، گوشت پانچ گھنٹوں میں بھی گل جائے تو معجزہ ہو گا۔ پشاور میں ضلعی انتظامیہ نےسستا بازار کے نام پر عوام کو ماموں بنا دیا۔

چوک یادگارمیں لگائے گئے سستے بازار میں اشیاء سستی تو کیا ہوتیں ان کی قیمت مارکیٹ سے بھی زیادہ ہے ۔ مارکیٹ میں 30 روپے فی کلو بکنے والا خربوزہ یہاں آپ کو ملے گا 50 روپے میں ، آم کے سٹال کی طرف آئیے ، بازار میں یہی آم دستیاب ہیں 80 روپے فی کلو لیکن سستا بازار میں فروخت ہو رہے ہیں 100 روپے میں۔

درجن بھر انڈے ملیں گے یہاں مارکیٹ سے پانچ روپے مہنگے یعنی 95 روپے میں ۔ یہاں270 روپے فی کلو بکنے والا گوشت اگر گھل جائے تو یہ صارف انعام دینے کیلئے بھی تیار ہے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آئے تو تھے سستا بازار میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دیکھنے لیکن شاید گرمی سے بے حال ہوکر بیٹھ گئے۔

برف کے ایک سٹال کے گرد ، جہاں وہ برف سے نہ صرف پیر بلکہ چہرے کو بھی ٹھنڈک دیتے رہے ۔ ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر پشاور نے بھی سستا بازار کا دورہ کیا لیکن میڈیا کو دیکھ کر کچھ کہے بغیر ہی چلتے بنے۔