رمضان ریلیف پیکیج؛ یوٹیلٹی اسٹورز پر پونے 2 ارب کی سبسڈی دی جائے گی

Utility Store

Utility Store

اسلام آباد (جیوڈیسک) یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن حکام نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ایک ارب 73 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیرمین اسد عمرکی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ اور گیس بندش کے معاملے پر نیب حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 15مئی تک پاکستان اسٹیل ملزکے معاملے پر انکوائری مکمل کرلی جائے گی۔

انکوائری کیلیے قائمہ کمیٹی نے 3ماہ کاوقت دیا تھا، ہر ہفتے اجلاس اورتمام معاملات مثبت سمت بڑھ رہے ہیں اس پر قائمہ کمیٹی نے نیب کی رپورٹ پرمئی کے وسط میں الگ اجلاس بلالیا، دوران اجلاس رمضان پیکیج 2018 کے بارے میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن حکام نے بتایاکہ رمضان المبارک میں ایک ارب 73کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائیگی جس کے تحت آٹے پر4روپے فی کلو ،چینی پر 5 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔

گھی پر 15روپے فی کلو جبکہ کوکنگ آئل پر10روپے فی کلو، دال چناپر20 روپے فی کلوجبکہ دال مونگ پر15 روپے فی کلو، بیسن پر 20 روپے فی کلو جبکہ چنا پر25 روپے فی کلو سبسڈی دی جائے گی۔ چاول 15 روپے فی کلو، کھجور 30روپے فی کلو سستی فروحت کی جائے گی۔

قائمہ کمیٹی برائے صنعت وپیداوار نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ڈیلی ویجرزملازمین کو مستقل نہ کرنے کو سپریم کورٹ احکام کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے مسئلہ حل کرانے کیلیے سب کمیٹی تشکیل دیدی جبکہ چیئرمین کمیٹی کاکہناتھاکہ ایلیٹ کلاس غریبوں کی جیب سے پیسہ لوٹ کر منی لانڈرنگ کر رہی ہے جبکہ غریب کو ریگولر کرنے میں بھی انھیں وسائل یاد آجاتے ہیں، کمیٹی ممبران نے کہا کہ عام لوگوں کیلیے سبسڈی ختم کی جا رہی ہے جبکہ شوگرملز مالکان کو مزید سبسڈی دی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز اورانسانی حقوق میں بریفنگ دیتے ہوئے وزارت خارجہ اسپیشل سیکریٹری نے بتایاکہ بیرون ممالک اس وقت 10 ملین پاکستانی کام کر رہے ہیں جن میں سعودی عرب میں3.5ملین افرادمقیم ہیں۔

سعودی عرب میں اس وقت 3 ہزارسے زائد افرادمختلف جرائم کی وجہ سے قید ہیں جن میں سے 1800 افرادکوقانونی امداد مہیاکی گئی دنیا بھر میں اس وقت 32ہزارپاکستانیوں کو فارن آفس نے قانونی معاونت فراہم کی۔

قائمہ کمیٹی میں انکشاف کیا گیاکہ گرینڈ حیات ہوٹل کاایک پورا فلور غیر قانونی طور پر سفارتخانے کے پاس ہے۔ حساس علاقے میں بلڈنگ سیکیورٹی رسک ہے، قائمہ کمیٹی نے گرینڈحیات ہوٹل کے رہائشی فلور کو ادائیگی کرنے کی سفارش کردی۔

عامرعلی خان مگسی کی زیرصدارت اجلاس میں وزارت خارجہ کے اسپیشل سیکریٹری شاہ جمال نے بتایاکہ انڈونیشیا میں قیدپاکستانی ذوالفقار علی کی رہائی کیلیے درخواست انڈونیشین صدر کے دفتر پہنچ گئی جس پر جلد کارروائی کا امکان ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کی ذیلی کمیٹی کااجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث ملتوی کردیا گیا۔