رنبیرنے سنجے اور سلمان کی دوستی میں بھی دراڑیں ڈال دیں

Ranbir kapoor

Ranbir kapoor

ممبئی (جیوڈیسک) سنجے دت اور سلمان خان ایک دوسرے کو بھائی کا درجہ دیتے اور مانتے آئے ہیں لیکن اب ان دونوں کے درمیان گہری دوستی میں بھی دراڑیں پڑنے لگی ہیں اور اس کی وجہ ہے ان کی سابقہ دوست کترینہ کیف کے موجودہ دوست رنبیر کپور۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کو بالی ووڈ میں کئی اداکارکا سرپرست کہا جاتا ہے لیکن اگر وہ کسی کے لئے دل میں میل رکھ لیں تو وہ اسے کسی صورت بھی نہیں بخشتے اسی وجہ سے وہ کئی برسوں تک شاہ رخ خان سے سرد جنگ لڑتے رہے اوراب ان کے سنجے دت سے بھی تعلقات خراب ہورہے ہیں۔

سنجے دت کی زندگی میں آنے والے عروج وزوال پر معروف ہدایت کار راجکمار ہیرانی ایک فلم بنانے جارہے ہیں جس میں سنجے دت کا مرکزی کردار ررنبیر کپور ادا کریں گے لیکن سلمان خان اس سے خوش نہیں۔ جس کی وجہ سے سلمان خان نے سنجے دت کے ساتھ اب فاصلے بڑھانے شروع کردیئے ہیں۔

سلو میاں اور سنجو بابا کے درمیان فاصلے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ دنوں دونوں نے اپنے ایک مشترکہ دوست کی شادی کی تقریب میں شرکت کی لیکن دبنگ خان نے پوری تقریب میں کھل نائیک کو نظر انداز کر دیا۔ دوسری جانب سنجے دت نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان خان ان کے چھوٹے بھائی ہیں دونوں کے درمیان کوئی رنجش نہیں۔