رینجرز اختیارات کا معاملہ، وفاق نے سندھ حکومت کی سمری مسترد کر دی

Rangers

Rangers

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے بھیجی جانے والی سمری مسترد کر دی۔ وزارت داخلہ کے قانونی ماہرین نے سمری کا جائزہ لیا جسے کے بعد انہوں نے سمری ابتدائی طور پر مسترد کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی کی سمری قانونی معیار پر پورا نہیں اترتی اور یہ آئین کے آرٹیکل 147کے مطابق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی سمری میں قانونی اور آئینی پیچدگیاں ہیں ۔ رینجرز کے خصوصی اختیارات کو کراچی تک محدود کیوں رکھا جا رہا ہے اگر کوئی ملزم کراچی میں کارروائی کر کے سندھ کے کسی دوسرے علاقے میں بھاگ جائے تو رینجرز کو اس کے خلاف بھی کارروائی کا خصوصی اختیار ہونا چاہیے۔

رینجرز اختیارات کی سمری مسترد ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اچانک بلاول ہاوس پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کریں گے اور ان کو رینجرز سمری کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ اگر رینجرز کو پورے سندھ میں خصوصی اختیارات نہیں دئیے گئے تو ہم دیگر آپشن پر غور کریں گے۔