رینجرز اختیارات: وڈے سائیں قیادت سے مشاورت کیلئے کل دبئی جائیں گے

Karachi, Sindh Chief Minister

Karachi, Sindh Chief Minister

کراچی (جیوڈیسک) سندھ میں رینجرز کے قیام اور خصوصی اختیارات کا معاملہ طول پکڑ گیا۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال، وزیر خزانہ مراد علی شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے بھی مشاورت کی۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملہ قانونی سے زیادہ سیاسی رخ اختیار کر گیا ہے۔

محکمہ قانون کے حکام نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 147 اے پر کوئی آرڈیننس نہیں آ سکتا اور نہ ہی وفاق اس معاملے میں براہ راست آرڈیننس جاری کر سکتا ہے، رینجرز کے قیام کی مدت میں توسیع کی درخواست کی صورت میں معاملہ سندھ اسمبلی میں جائے گا۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ٹیلی فون پر رینجرز اختیارات اور سندھ میں قیام کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اعلیٰ پارٹی قیادت سے مشورے کے بعد اس معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کل اہم وزراء کے ہمراہ اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے لئے دبئی روانہ ہوں گے۔