راولپنڈی اسلام آباد میں آج رات مزید بارشوں کی پیش گوئی

Rawalpindi,

Rawalpindi,

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی اسلام آباد میں آج رات مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ آج خیبر پختونخوا ، بالائی پنجاب ، فاٹا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے ۔ گزشتہ روز کی بارش کے باعث راولپنڈی اسلام آباد کے درجہ حرارت میں تین سے چار ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ہوئی ہے ۔ آج صبح کے وقت جڑواں شہروں کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دن کے وقت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔

آئندہ چار سے پانچ روز کے دوران خیبر پختونخواہ ، اسلام آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، سرگودھا ، لاہور اور فیصل آباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ رواں ہفتہ کے دوران فاٹا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ آئندہ تین روز کے دوران جنوبی پنجاب ، شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی سندھ میں چند ایک مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

اس دوران متوقع تیز ہوائوں آندھی اور بارش کے باعث میدانی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری کمی کا امکان ہے ۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی کوٹ ادو میں پڑی جہاں پارہ 47 تک پہنچا جبکہ رحیم یار خان ، دادو ، سبی ، بہاولنگر 46 ، تربت ، نور پور تھل، بھکر ، بہاولپور اور شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔