ریحام خان کی کتاب چھپی تو ہتکِ عزت کا دعویٰ کروں گی، جمائما

Jemima Goldsmith

Jemima Goldsmith

اسلام آباد (جیوڈیسک) کپتان کی دو سابق بیویوں میں میچ پڑ گیا۔ جمائما خان نے اعلان کیا ہے کہ ریحام خان کی کتاب برطانیہ میں چھپی تو ہتکِ عزت پر ہرجانے کا دعوی دائر کیا جائے گا۔

ریحام خان کی کتاب کے مبینہ مسودے میں الزامات کے معاملے میں چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان بھی میدان میں کود پڑی ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ کتاب بہت توہین آمیز ہے۔

جمائما خان نے لکھا کہ برطانیہ میں کتاب چھپی تو ہتکِ عزت کا دعویٰ کروں گی اور کیس اپنے بیٹے کی جانب سے عدالت میں دائر کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ کتاب کے مبینہ مسودے میں عمران خان کے بیٹے پر نشہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

جمائما خان نے چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے ریحام خان کی توہین آمیز کتاب کی برطانیہ میں اشاعت ممکن نہیں۔ اگر یہ کتاب شائع ہوئی تو ریحام کیخلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ دائر کروں گی۔