دین انسانیت میں تفریق ڈالنے کا نام نہیں ہم انسانیت کو جوڑنا چاہتے ہیں، مفتی محمد نعیم

 Mufti Mohammad Naeem-Jamia Binoria

Mufti Mohammad Naeem-Jamia Binoria

کراچی : سابق اداکارہ وینا ملک اور ان کے شوہر اسد خٹک نے جامعہ بنوریہ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے جامعہ بنوریہ عالمیہ للبنات (شعبہ گرلز سکیشن) میں ملکی وغیر ملکی طالبات سے ملاقاتیں کی اس موقع پر وینا ملک کا کہنا تھا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ آکر دل کو سکون ملا اور ایمان تازہ ہو گیا ہے۔

وینا ملک نے جامعہ بنوریہ عالمیہ میں دینی تعلیم حاصل کرنے کا اعلان کر دیا اور روتے ہوئے دعا کی کہ اللہ انہیں ہدایت پراستقامت نصیب فرمائے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ وینا ملک راہ راست پر آناچاہتی ہیں۔

ہمیں ان کی اس خواہش کااحترام کرتے ہوئے ان کے لیے دین فہمی کی راہ ہموار کرنی چاہیے،انہوں نے دعاکی کہ اللہ ان کی کوشش کو کامیاب کرے،علماء کرام اور مذہبی طبقے کا فرض بنتاہے کہ وہ ہر مسلمان تک دین کو درست انداز میں پہنچائے جامعہ بنوریہ عالمیہ میں وینا ملک کا آنا دین سیکھنے کے لیے ہے اورانہوں نے خود اس خواہش کااظہار کیاتھاکہ وہ جامعہ بنوریہ آناچاہتی ہیں ،ہم نے ان کی خواہش کاخیر مقدم کیا۔ ہم ان کیلئے استقامت کی دعا کرتے ہیں ،ہم سے جو رہنمائی درکار ہے ہم کرنے کو تیار ہیں،انہوں نے کہاکہ دین انسانیت میں تفریق ڈالنے کا نام نہیں ہم انسانیت کوجوڑناچاہتے ہیں، جامعہ بنوریہ عالمیہ میں کسی بھی شعبہ یا کسی بھی رنگ نسل سے تعلق رکھنے والا مسلمان آکر دین حاصل کرسکتاہے اس میں کوئی پابندی نہیں اوروینا ملک اپنی خواہش پر جامعہ بنوریہ عالمیہ آئی ہیں اور یہ دین سیکھنا چاہتی ہیں علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہرایسے شخص کی رہنمائی کریں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ویناملک نے کہاکہ ان کی زندگی تبدیل کرنے میں مولانا طارق جمیل، مفتی محمدنعیم اور شوہر اسد کا اہم کردار ہے، جب کہ والد محترم نے بھی بہتر راہ دکھانے میں بہت مدد کی،انہو ں نے کہاکہ ہر انسان کے اندر ضمیر ہوتا ہے، شوبز کے دوران ہر چیز مکمل ہونے کے باوجود مجھے کچھ کمی محسوس ہوتی تھی، رمضان المبارک کے ساتویں روز میں نے اللہ سے رو رو کر دعا کی اور کہا یا اللہ مجھے سیدھا راستہ دکھا دے،اس موقع پر سابق اداکارہ ماضی کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور کہنے لگیں کہ انہیں اب سمجھ آیا ہے کہ دنیا کی زندگی تو صرف دھوکا ہے، اصل زندگی تو آخرت کی ہے۔

 Mufti Mohammad Naeem-Jamia Binoria

Mufti Mohammad Naeem-Jamia Binoria

انہوں نے کہاکہ 2011 کا ساتواں روزہ ہی میری زندگی کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا جس کے بعد میرے والد صاحب نے مجھے نصیحت کی کہ شادی کرلوں جس کے بعد اسد سے ملاقات ہوئی اور اس کے بعد مولانا طارق جمیل اور مفتی محمدنعیم اور پھر جنید جمشید سے ملاقات ہوئی اور مجھ پر جب بھی کوئی بھی برا وقت آیا تو ان میں سے کوئی نہ کوئی میری رہنمائی کیلئے موجود ہوتا تھا، انہوں نے کہاکہ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں میرا یوں بے خوف و خطر آنے سے ثابت ہوگیا کہ اہل مدارس کا دہشت گردی سے تعلق نہیں بلکہ یہ انسانیت کا درد رکھنے والے ادارے ہیں علماء اور مدارس نیک لوگ ہیں ان کی وجہ سے معاشرے سے برائیوں کا خاتمہ ہورہاہے ، انہوں نے کہاکہ میں نے دینی تعلیم کے حصول کیلئے جامعہ بنوریہ عالمیہ کاانتخاب کیا ہے کیونکہ یہ ایک انٹر نیشنل ادارہ ہے جہاں دنیا بھر سے طلبہ وطالبات تعلیم کیلئے آتے ہیں اور مفتی محمدنعیم صاحب ہر وقت میری رہنمائی کرتے ہیں، انہوں نے اس موقع پر عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم کیلئے جامعہ بنوریہ میں بھیجیں گی اور خود بھی جامعہ سے دینی تعلیم حاصل کریں گے،قبل ازیں وینا ملک کے شوہر اسد بشیر خٹک کومصلح ، کتابیں اور جامعہ بنوریہ عالمیہ سے چھپنے والی تفسیر روح القران تحفہ میں دی اور وینا ملک کواستقامت کے ساتھ دین پر عمل کرنے کی ترغیب دی۔