دین اسلام کی نشاة ثانیہ کا سورج طلوع ہو چکا ہے: صوفی مسعود احمد صدیقی

Lahore

Lahore

لاہور: تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور چیئرمین بین المذاہب امن اتحاد پاکستان صوفی مسعود احمد صدیقی نے کہا کہ اسلام کی نشاة ثانیہ کاسورج طلوع ہو چکا ہے، ہم پوری دنیا میں اسلام اورپاکستان کاامیج بہتر کر کے ہی دم لیں گے (انشاء اللہ)،ہم اپنے معاشرے اور ملک کوپرامن اورخوشحال بناسکتے ہیں۔

پاک فوج کی طرف سے جاری آپریشن ضرب عضب میں کامیابی اللہ تعالیٰ کے فقراء کے تصرفات اورافواج پاکستان کی بہادری اور جرات کا نتیجہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ تنظیم مشائخ عظام کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہ کچھ سیاستدان یہ راگ الاپتے نہیں تھکے کہ پنجاب میں کوئی نوگوایریاز نہیں ہیں۔

جبکہ دوسری طرف آپریشن ضرب آہن میں پنجاب میں ہی چھوٹو گینگ جیسے دہشت گردوں کی نشاندہی ہونا ان نام نہاد جمہوریت کے رکھوالے سیاستدانوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ تنظیم مشائخ عظام پاکستان میں شامل ہزاروں مشائخ عظام اپنے لاکھوں مریدین و عقیدت مندوں کیساتھ افواج پاکستان کی طرف سے شروع کئے گئے آپریشنز کی بھرپور تائید وحمایت کرتے ہیں اورنیشنل ایکشن پلان کوجلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کامطالبہ بھی کرتے ہیں ۔افواج پاکستان ان کرپٹ اوردہشت گرد عناصرسمیت ان کے سہولت کاروں کوبھی جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچائیں۔اختتام پر ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔