وزارت مذہبی امور نیو انرولڈ ایج جی اوز کو مایوس نہیں کرے گی، عدنان عثمانی

Adnan Usmani

Adnan Usmani

اسلام آباد (پریس ریلیز) ایکشن کمیٹی نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کے صدر عدنان عثمانی نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ وزارت مذہبی امور نیو انرولڈ ایج جی اوز کو مایوس نہیں کرے گی، سپریم کورٹ آف پاکستان کے واضح احکامات اور وزیر اعظم کی دلی خواہش کے مطابق سستے حج پیکج کو عملی شکل دینے کا وقت آچکا ہے، نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز افواہوں پر کان نہ دہریں حج جیسے مقدس فریضے میں رشوت اور دیگر برائیوں کو داخل ہونے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پنجاب، کے پی کے، اسلام آباد اورروالپنڈی سے آئے ہوئے نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائنزرزسے کراچی سے آئے ہوئے وفد کے ہمراہ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری شاہد علی خان، سلطان احمد خان، عبدالعزیز قریشی، نصیب زرخان، عامر دادا، انیس ولی محمداور دیگر موجود تھے۔

عدنان عثمانی نے کہا کہ حج ایک مقدس فریضہ ہے لوگوں کو اللہ رب العزت سے ڈرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کے تمام معاملات طے کرنے چاہیںاور حج پیکج مہنگا کرکے حاجیوں سے ناجائز منافع خوری سے بچنا چاہئے۔

اس موقع پر جنرل سیکریٹری شاہد علی خان نے کہا کہ وزارت مذہبی امور سستا حج پیکج مہیا کرنے میں نیک نیتی سے کام نہیں لے رہی کیونکہ وزارت مذہبی امور نے باقاعدہ حج پیکج سروے فارم کے ذریعے تمام نئے اور پرانے انرولڈ ایج جی اوز کو اپنے پیکجز جمع کروانے کیلئے مدعو کیا تھا جس کی بنا پر سیکڑوں نیو انرولڈ حج گروپ آرگنائزرز نے سستا حج پیکج سروے فارم بھر کر دیا جبکہ پرانے حج گروپ آرگنائزرز نے یکسر اس کی مخالفت کی نیو انرولڈ حج گروپ آرگنائزرز نے ان کے اس عمل کی کھل کر نشاندہی کی جس کی بنا پر پرانے حج گروپ آرگنائزرز نے عوام الناس اور علماء کرام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے وزارت مذہبی امور میں سستے پیکجزبناکر پیش کررہے ہیں جنہیں وزارت مذہبی امور اپنی میٹنگز میں زیر بحث لارہی ہے دوسری جانب وزارت مذہبی امورنے نیو انرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کی جانب سے بھرے گئے سستا حج پیکج سروے فارمز کو فائلوں کے نیچے دباکر رکھ دیاجو کہ نیو انرولڈ حج گروپ آرگنائزرزکے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔

اس موقع پر دیگر ممبران سلطان احمد خان، انیس ولی محمد، عبدالعزیز قریشی اور عامر دادا نے کہا کہ نیو انرولڈ حج گروپ آرگنائزرز نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ سروے فارم جس میں وزارت مذہبی امور نے لکھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق سستا حج پیکج سروے فارم پرُ کروایا جارہا ہے ان تمام سرکاری احکامات کے باوجود حج کوٹہ رکھنے والے حج گروپ آرگنائزرز نے نہ صرف سستا حج پیکج سروے فارم پرُ کرنے کی مخالفت کی بلکہ مارچ 2016ء کے درمیان تک فارم بھر کر دینے کو تیار ہی نہیں تھے اب جب نیو انرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کو حج کوٹہ ملنے کی امید پیدا ہوئی تو سستا حج پیکج فارم بھر کے دیئے جارہے ہیں۔ نیو انرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کے تمام ممبران نے وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیاکہ وہ حج کوٹہ کی تقسیم کے معاملات کی خود نگرانی کریںاگر اس سال بھی نیو انرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو ہم سپریم کورٹ آف پاکستان میں توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔