معروف موسیقار نثار بزمی کی نویں برسی آج منائی جائے گی

Nisar Bazmi

Nisar Bazmi

لاہور (جیوڈیسک) موسیقی کی دنیا میں نثار بزمی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ موسیقار نثار بزمی نے اپنی موسیقی کے ذریعے پاکستانی فلمی صنعت کو نئی پہچان دی۔ سید نثار احمد 1924 میں بھارت میں پیدا ہوئے۔

فنی کیرئر کا آغاز 1939 میں آل انڈیا ریڈیو سے کیا اور نثار بزمی کے نام سے شہرت پائی۔ 1962 میں بمبئی کا یہ نامور موسیقار پاکستان آیا اور پاکستانی فلم انڈسٹری سے جڑ گیا۔ خداداد صلاحیتوں کے مالک نثار بزمی نے ساٹھ سے زائد پاکستانی فلموں کیلئے موسیقی ترتیب دی اور کئی مقبول اور سدا بہار نغموں کی دھنیں بنائیں۔

نثار بزمی کو انکی فنی خدمات کے صلے میں پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت کئی دیگر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ غزلوں کی نیم کلاسیکی دھنوں سے لے کر فوک اور پوپ میوزک کی جدید دھنوں تک انھیں ہر طرح کی کمپوزیشن میں کمال حاصل تھا۔

یہی وجہ ہے کہ ان کی ترتیب کردہ نغمے آج بھی گونجیں تو سماعتوں کو اپنی جانب کھینچ لیتے ہیں۔ موسیقار نثار بزمی 22 مارچ 2007 کو خالق حقیقی سے جا ملے مگر اپنی بنائی ہوئی دھنوں کے باعث آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔