معروف پاکستانی اداکار اظفر رحمان نے شادی کر لی

Azfar Rehman Marriage

Azfar Rehman Marriage

کراچی (جیوڈیسک) میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی ڈراموں کے معروف اداکار اظفر رحمان نے شادی کر لی ہے۔ ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہیں۔ شادی کی تقریب کا اہتمام گزشتہ دنوں کیا گیا تھا جس میں قریبی دوستوں، رشتہ داروں اور عزیز واقارب نے شرکت کی۔

خیال رہے کہ رواں ماہ ہی نجی ٹی وی کے ایک مارننگ شو میں اظفر رحمان کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ وہ شادی کیلئے کیسی لڑکی کا انتخاب کریں گے۔ جس کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں جوائنٹ فیملی میں رہتا ہوں، مجھے اپنے والدین اور بھائی کے ساتھ رہنا اچھا لگتا ہے، میں اپنے لوگوں سے کبھی الگ نہیں رہ سکتا۔ اگر کوئی لڑکی مجھ سے شادی کی خواہشمند ہے تو اسے میری فیملی کے ساتھ ہی رہنما ہو گا۔

اظفر رحمان پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک جانا پہچانا چہرہ ہے، انہوں نے متعدد ٹی وی سیریلز اور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اظفر نے ماڈلنگ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ پاکستانی ناظرین انھیں بہت پسند کرتے ہیں۔ ان کے بہترین ڈراموں میں ڈگڈگی، لیڈیز پارک، ستمگر، بیٹیاں، مہر بانو اور شاہ بانو، نور پور کی رانی، محجبت روٹھ جائے تو اور پھر چاند پے دستک قابل ذکر ہیں۔