این اے 122 کے نتائج فوج کے زیر نگرانی منتقل کئے جائیں، عمران خان کا مطالبہ

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا سمن آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جنہوں نے پہلے دھاندلی کی اب وہی دوبارہ الیکشن کروا رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) نے خواتین کے پولنگ سٹیشنز پر دھاندلی کا مںصوبہ بنایا ہوا ہے لیکن ہم نے اس دفعہ بھرپور تیاری کی ہے۔ دھاندلی روکنے کیلئے ہماری تیاری پہلے سے بہتر ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ چودھری محمد سرور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو دھاندلی روکنے کی تربیت دے رہے ہیں۔ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن نتائج لے کر جانے والی گاڑی میں بھی فوجی تعینات ہونا چاہیے جبکہ پی ٹی آئی کارکن بھی ریٹرننگ افسران کی گاڑی کے پیچھے جائیں گے۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ این اے 122 کے عوام گیارہ تاریخ کو دھاندلی کو شکست دیں۔ الیکشن کے دن تحریک اںصاف کے ووٹوں کا مسلم لیگ (ن) کے نوٹوں سے مقابلہ ہوگا۔ عوام گیارہ تاریخ کو میری خاطر نہیں بلکہ اپنے مستقبل کیلئے ووٹ ڈالنے نکلیں۔