رونکی کی برق رفتار اننگز، اسلام آباد یونائیٹڈ نے فائنل میں جگہ بنا لی

Islamabad United

Islamabad United

دبئی (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کاپلے آف مرحلہ، لیوک رونکی کی برق رفتار بلے بازی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے پہلے پلے آف میچ میں کراچی کنگز کا 155 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے 12.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ اوپنر لیوک رونکی نے پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کے خلاف میچ میں تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا۔ دونوں اوپنرز نے صرف 42 گیندوں پر 91 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی اور اننگز کے آغاز میں ہی میچ اپنے حق میں کرلیا۔ کراچی کنگز کے باؤلر اس بڑے میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے تاہم فیلڈنگ میں ناقص کارکردگی بھی میچ ہارنے کی وجہ بنی ۔ خیال رہے کہ رونکی کے 56، 57 اور 63 رنز پر کیچز ڈراپ ہوئے۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے کیا تاہم اوپنرخرم منظور اور بابر اعظم جلد پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان این مورگن نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم وہ بھی صرف 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جوئے ڈینلی اور کولن انگرام نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کولن انگرام نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 68 رنز کی اننگز کھیلی ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو اس میچ میں کپتان مصباح الحق کی خدمات حاصل نہیں تھی جو کلائی کی انجری کا شکار ہیں اور ان کی جگہ جین پال ڈومینی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔ اب کراچی کنگز کو ایک اور موقع ملے گا اور وہ دوسرے پلے آف میچ کی فاتح ٹیم سے کھیلے گی۔ یاد رہے کہ دوسرا کوالیفائنگ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان 20 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ اس میگا ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگا جس کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔