حق کیلئے لڑنا دہشتتگردی نہیں ہوتی

Kashmir Issue

Kashmir Issue

تحریر: ایم سرور صدیقی
جب جب کشمیر کا تذکرہ ہوتا ہے مجھ جیسے پاکستانی کا دل دھڑکنے لگتا ہے شاید کشمیر کی محبت سانسوں میں بسی اور خون میں رچی ہوئی ہے۔ کبھی کبھی تنہائی میں سو چتاہوں وہ لوگ کتنے عظیم ہیں جو کسی کاز کیلئے متحرک رہتے ہیں دراصل متحرک رہناہی زندگی کی علامت ہے کشمیر کاز کیلئے جن شخصیات نے اپنی زندگی وقف کر رکھی ہے ان کی جدوجہد کو تاقیامت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان کے وزیر ِاعظم میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تنازعہ کشمیر کو ایک اچھے اندازمیں اجاگر کرکے اسے پھرسے زندہ کر دیا ہے جس سے بھارتی حکمران بھنائے ہوئے پھرتے ہیں کیونکہ دنیا پر ان کے مظالم آشکارہورہے ہیں جس سے بھارت کے سیکولرازم کا بھانڈہ چوراہے میں پھوٹ گیا ہے۔

General Raheel Sharif

General Raheel Sharif

اب لوگ جان گئے ہیں کہ ہندوئوںنے مقبوضہ کشمیرپر غاصبانہ قبضہ کررکھاہے ہندو لیڈر قبضہ مافیا بن کررہ گئے ہیں اقوام ِ عالم نے کشمیری حریت پسندوں کو دہشت گرد تسلیم کرنے سے انکارکردیاہے یہ بھارتی حکمرانوں کے منہ پر ایک زوردار طمانچہ ہے مقبوضہ کشمیر کی وادیاں،فلک کو چھوتے پہاڑ اورہوائوںسے صدا آتی ہے۔

ہر کشمیری سر پہ کفن باندھ کے نکلے
حق کے لئے لڑنا تو دہشت گردی نہیں ہوتی

دنیا جانتی ہے کہ ایک طویل عرصہ سے کشمیری مسلمان بھارتی مظالم کا شکار ہیں ۔۔۔جنت نظیر وادی میں قتل و غارت کا بازار گرم ہے ۔۔۔کشمیریوں کی جدو جہد کو ریاستی جبر سے کچلنے کیلئے آئے روز مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے کشمیر ایک ایسا سلگتا ہوا سنگین ایشو جو عالمی ضمیر کا امتحان بن کررہ گیا ہے دنیا بھرکے کشمیری مسلمان برس ہا برسوں سے انپے حق ِ خودارادیت کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جس کی پاداش میں بھارتی حکومت نے ان پر عرصہ ٔ حیات تنگ کر دیا ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق اب تلک ایک لاکھ سے زائد لوگ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس تحریک کو ایک نئی زندگی دے چکے ہیں۔۔۔ہزاروں مرد وزن لاپتہ ہیں۔۔۔ ان گنت بھارتی جیلوں،عقوبت خانوں یا ان کی خفیہ ایجنسیوںکی تحویل میں ہیں اس جدو جہد کاایک پہلو یہ بھی ہے کہ نصف صدی سے زیادہ مدت سے کشمیر کی ہزاروںبیٹیوںکی عزت پامال کردی گئی۔۔۔لاکھوں افراد معاشی اعتبار سے تباہ ہو چکے ہیں لیکن دنیا کے منصفوںکے کان سے جوں تک نہیں رینگتی۔۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیموںاور نام نہادعلمبرداروں کو جانوروںپر ہونے والاظلم تو دکھائی دیتاہے لیکن کشمیری مسلمانوں پر گذرتی قیامت دکھائی نہیں دیتی شاید وہ اندھے ،گونگے اور بہرے بن چکے ہیں۔

Indian Army in Kashmir

Indian Army in Kashmir

انہیں مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ بھی نظر نہیں آتا۔۔۔کشمیریوںکے حق استواب ِ رائے کیلئے اقوام ِ متحدہ کی قرار دادوںکا بھی احترام نہیں۔۔۔اور تو اور بات بے بات پرعالمی طاقتوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھنا معمول کی بات ہے لیکن آج تک انسانیت کی توہین پر ان کا کوئی ردِ عمل نظر نہیں آتا بلکہ وہ کشمیر کی جدوجہد کو”دراندازی” اور کشمیری مجاہدین کو” اتنت وادی” کا نام دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے حالانکہ پاکستان اورکشمیری حریت پسندباقاعدہ فریق ہیں جن کی مرضی کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی حق قابل ِقبول نہیں۔

دنیا بھر کے کشمیریوں اور پاکستانی قوم کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ بھارت ۔۔کشمیریوں کی رائے حق دہی کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی فوجیں مقبوضہ وادی سے واپس بلائے اور کشمیریوںکو اپنی قسمت کا فیصلہ خو دکرنے کاحق دیاجائے یہ بھارت کے اپنے وسیع تر مفاد میں ہے تنازعہ ٔ کشمیر با عزت حل کرنے سے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔۔۔جتنی بڑی رقم بھارت اپنے جنگی جنوںپر صرف کررہا ہے اس سے بھارت میں بہت سے عوامی بھلائی کے کام کئے جا سکتے ہیں اس طرح پاکستان بھی اپنے دفاع کیلئے جو خطیر رقم خرچ کرنے پر مجبور ہے اس سے دونوںممالک میں غربت ختم کرنے کے لئے بہترین پلاننگ کی جا سکتی ہے۔

پاکستان نے ہمیشہ کشمیری مسلمانوںپر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلندکی ہے اور اس کی وسیع اشاعت کی وجہ سے بھارتی مظالم بے نقاب ہورہے ہیں۔۔ایک اور بات دنیا میں ریاستی جبر،دھونس ،دھاندلی اور ظلم سے کسی کو زیادہ دیر تک محکوم نہیں رکھا جا سکتا یہ فطری بات ہے جس چیز کو جتنا دبایا جائے وہ اتنی ہی تیزی سے ابھر تی ہے بھارتی حکمرانوں نے ۔کشمیریوں کو رائے حق دہی سے محروم کرکے بر ِصغیرپاک و ہندکے ایک ارب انسانوں کا مستقبل دائوپر لگا دیاہے حالانکہ بر ِصغیرکے لوگ امن چاہتے ہیں کیونکہ امن میں ہی ہم سب کی بقائ۔ عافیت اور سلامتی ہے کاش!بھارتی حکمران دل کی آنکھیں کھول کرغور کریں تو محسوس ہوگا امن سب سے بڑی نعمت ہے۔

مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور دنیا کے منصفوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے ”کشمیری حریت پسندوں نے جس مشن کا آغاز کررکھاہے ہم سب ان کے ساتھ ہیں پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکمرانوں کی مداخلت کے خاتمہ، قتل و غارت اور استصواب ِ رائیتک ۔۔۔۔ اور مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے بازیابی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ حق کا ہمیشہ بول بالاہوتاہے انشاء اللہ مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزادہورکررہے گا اس کیلئے عظیم جدوجہد مزید تیز کرنا ہو گی۔

ہر کشمیری سر پہ کفن باندھ کے نکلے
حق کے لئے لڑنا تو دہشت گردی نہیں ہوتی

M. Sarwar Siddiqui

M. Sarwar Siddiqui

تحریر: ایم سرور صدیقی