جب تک حق و باطل کا معرکہ ہوگا سید اشہداء امام حسین کا نام باقی رہے گا۔ علامہ حامد رضا

 Allama Hamid Raza

Allama Hamid Raza

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک فروغ درود و سلام انٹرنیشنل کے قائد صاحبزادہ علامہ حامد رضا مہروی نے کہا کہ امام عالی مقام سیدنا امام حسین خوبصورت بھی تھے کیونکہ حبیب خدا ۖ کے مشابہ تھے اور خوب سیرت بھی کہ امام الانبیاء ۖ، حضرت علی المرتضیٰ اور سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہما کی بے مثل تربیت کا نتیجہ تھے، آپ انتہائی پاکباز، متقی، پرہیزگار، شب بیدار، روزوں کی کثرت کرنے والے، بے حد صدقہ و خیرات کرنے والے، انتہائی بہادر، غیور، صاحب استقامت، حق گو، نیکی کے کاموں میں بڑھ کر حصہ لینے والے تھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد بخاری گلستان جوہر بلا ک12کے زیر اہتمام منعقدہ محفل ذکر شہادت امام حسین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔محفل میں بڑی تعداد میں علماء اکرام ،علاقہ معززین اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی محفل کے منتظم جامع مسجد بخاری ٹرسٹ کے چیئر مین الحاج عبدالعزیز مگسی جنرل سیکریٹری ملک الطاف اراکین کمیٹی راجہ شبیر احمد ،راجہ محمد فاروق،حاجی محمد اسلم قریشی ،محمد ایوب فیروزی بھی موجود تھے ۔ محفل میں مشہور و معروف نعت خواں سید مبین شاہ اور ساجد نے شہداء کربلا کی شان میں منقبت پیش کئے ۔محفل سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ علامہ حامد رضا مہروی نے نواسہ رسول ۖ کی حیات زندگی پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مزید کہاکہ رسول خدا ۖ نے سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کے حق میں دعا فرمائی تھی کہ اے اللہ! جو ان سے محبت کرے تو بھی ان سے محبت فرما۔معرکہ کربلا کے اسباب بیان کرتے ہوئے کہا کہ یزید فاسق وفاجر، ظالم اور حدود الٰہی کو پامال کرتا تھا جس کی وجہ سے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اسے حاکم ماننے سے اور اس کی بیعت کرنے سے انکار فرما دیا جس کی پاداش میں میدان کربلا میں آپ کے پیاروں کو ایک ایک کر کے بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔

حتیٰ کہ آپ خود بھی بے شمار زخموں اور شدید بھوک وپیاس کی حالت میں شہید کر دئیے گئے لیکن آپ نے آخر دم تک فاسق وفاجر حکمران یزید کی بیعت نہ کر کے فقید المثال استقامت اور جرأت کا مظاہرہ فرمایا اور قیامت تک آنے والے مسلمانوں کی رہنمائی فرمائی کہ فاسق وفاجر مسلمانوں کا امیر نہیں ہو سکتا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے جانیں قربان کرکے امر بالمعروف ونہی عن المنکر کی اعلیٰ ترین مثال قائم فرمائی علامہ حامد رضا مہروی نے دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رسول ۖ اور آل رسول ۖ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے زندگی گزارنے کا سلیقہ عطاء فرمائے محفل کے اختتام پر ملک کی ترقی اور خوشحالی اور تمام قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لئے خصوصی دعا کی گئی اختتام محفل جامع مسجد بخاری ٹرسٹ کے زیر اہتمام لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔