خطرات کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق ہوا، سینیٹرز چیلنجز سے آگاہ ہیں: آصف غفور

Major General Asif Ghafoor

Major General Asif Ghafoor

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کی ہول کمیٹی کو آرمی چیف کی جانب سے ملکی تاریخ میں پہلی بار سکیورٹی امور پر دی گئی بریفنگ کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان سینیٹ ملک کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے سینیٹرز کو 1 گھنٹہ تک بریفنگ دی اور 3 گھنٹے سے زائد عرصے تک سینیٹرز کے سوالات کے جواب دیئے جہاں ضرورت پڑی وہاں ڈی جی آئی ایس آئی بھی وضاحت کرتے رہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا کہ اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ 3 سے 4 دن میں دوں گا۔ انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف کی آمد پر تمام سینیٹرز نے خوشی کا اظہار کیا، تمام سینیٹرز کو خطرات سے آگاہ کیا گیا، فوج اور سیاسی قیادت تمام خطرات کیخلاف مل کر کام کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے یہ بھی بتایا کہ ڈی جی ایم او نے سینیٹرز کو جیو پولیٹیکل صورتحال پر بریفنگ دی اور دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ معزز سینیٹرز خطے میں سکیورٹی کے حوالے سے پوری طرح آگاہ ہیں۔

بعد ازاں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ امریکہ نے دہشتگردی سے لڑنے کیلئے 50 کروڑ ڈالر دیئے مگر پاکستان نے بھی اس جنگ کو اپنی جنگ سمجھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ پیسوں کیلئے نہیں لڑی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمہوریت کو فوج سے کوئی خطرہ نہیں۔

آرمی چیف کی سینیٹ آمد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آج کا سیشن بہت اہم تھا، سینیٹرز نے آرمی چیف کو بہت عزت دی تاہم معلومات کی کمی کے باعث جو افواہیں تھیں انہیں دور کرنے میں مدد ملی، ریٹائرڈ فوجی افسروں کی سیاسی معاملات پر اپنی رائے ہوتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کی جنگ دوبارہ پاکستان میں نہیں لڑیں گے، امریکہ نے 1947ء سے آج تک 50 ارب روپے دیئے مگر یہ ہماری قیمت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر امریکہ نے سکیورٹی کے حوالے سے ہماری کوئی مدد کی تو اس میں اس کے اپنے مفادات بھی تھے۔

اعتزاز احسن کا ردعمل
سینیٹ کی ہول کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف کی بریفنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس کے دوران ہر قسم کے سوالات کئے گئے اور آرمی چیف نے اپنا نقطہ نظر تفصیل سے بیان کیا۔

آصف کرمانی کا ردعمل
رہنماء ملسم لیگ نون آصف کرمانی نے کہا کہ سینیٹ کی ہول کمیٹی کا اجلاس اچھا اقدام ہے، ملکی معاملات سمجھنے میں آسانی ہوئی اور تمام سینیٹرز نے بریفنگ کو سراہا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی ایسے سیشن ہونے چاہیں۔

فاروق ایچ نائیک کا ردعمل
پی پی پی کے فاروق ایچ نائیک بولے، کمیٹی کے اندر بہت اچھے ماحول میں بحث ہوئی، پہلی مرتبہ کئی گھنٹے طویل بریفنگ دی گئی، تمام سینیٹرز نے سوالات کئے اور آرمی چیف نے تحمل سے تفصیلی جواب دیئے۔ فاروق ایچ نائیک کا مزید کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی بھی جہاں ضرورت تھی وہاں مفید لقمے دیتے رہے، تمام سینیٹرز کے ابہام دور ہوئے اور ایسے اجلاس مزید بھی ہونے چاہیں۔

مشاہد اللہ کا ردعمل
سینیٹر مشاہد اللہ بولے آرمی چیف کی بریفنگ سے سب مطمئن ہیں اور اجلاس سے مثبت پیغام گیا۔