ریاض: امریکہ عرب اسلامی کانفرنس، وزیراعظم پہنچ گئے، شاہ سلمان نے استقبال کیا

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

ریاض (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف امریکہ عرب اسلامی کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچ گئے، وزیر اعظم شرکاء کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کریں گے، نواز شریف کل مدینہ منورہ بھی جائیں گے۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکہ عرب اسلامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں وزیر اعظم نواز شریف بھی شریک ہیں۔ ریاض پہنچنے پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ان سے ملاقات کی اور خوش آمدید کہا۔ دونوں رہنماؤں نے مختصر ملاقات میں ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم شاہ سلمان کی دعوت پر ریاض پہنچے ہیں۔ ایئرپورٹ پر گورنر اور دیگر سعودی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔

وزیر اعظم کانفرنس میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف پاکستان کی عظیم قربانیوں اور ثمرات پر روشنی ڈالیں گے۔ نواز شریف کل مدینہ منورہ جائیں گے۔ ان کی وطن واپسی 23 مئی کو ہو گی۔