روہت شرما غیر معمولی بلے باز ہیں: محمد عامر

 Mohammad Amir

Mohammad Amir

لندن (جیوڈیسک) پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے انڈین بلے باز روہت شرما کو غیر معمولی کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ وہ میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں لیکن میں انھیں بڑا بیٹسمین سمجھتا ہوں۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل محمد عامر کے بارے میں ایک متنازع بیان دیتے ہوئے روہت شرما نے کہا تھا کہ اس کے بارے میں بات کرنا چھوڑ دیں، پاکستان کے پاس صرف وہی ایک باؤلر نہیں جو اچھا پرفارم کر سکتا ہے۔

روہت کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے جو میرے نزدیک ضروری نہیں ہے۔ وہ اچھی باؤلنگ کرتا ہے لیکن اسے ابھی مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ بعض اوقات تو اس کا موازنہ وسیم اکرم کے ساتھ شروع کر دیا جاتا ہے جو بالکل غلط ہے۔ وہ ایک عام سا باﺅلر ہے۔

ابھی حال ہی میں محمد عامر نے روہت شرما کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد شاید ان کا نظریہ میرے بارے میں تبدیل ہو چکا ہو، تاہم میں سمجھتا ہوں کہ انہیں اپنی رائے دینے کا پورا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں تو روہت شرما کو بالکل ایک عام کھلاڑی نہیں سمجھتا بلکہ ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا معترف ہوں۔ وہ ہرگز ایک عام بلے باز نہیں، بھارت کیلئے ان کا ریکارڈ بہت شاندار ہے۔