حکمران و سرمایہ دار طبقہ محنت کشوں کا استحصال کر رہا ہے۔ امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان وہ بد قسمت ملک ہے جہاں جاگیردارانہ نظام نے کسان و ہاری کو حقوق سے محروم کررکھا ہے اورمقتدر مافیا سرمایہ داروں و صنعتکاروں کے مفادات کی پالیسیوں کے ذریعے مزدوروں کا معاشی قتل بھی کررہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ قومی ومعاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے محنت کش‘مزدور ‘کسان اور دہقان نہ صرف بد ترین جبر‘ ظلم اور استحصال کا شکار ہے بلکہ ہر قسم کی حقوق ‘سہولیات اور مراعات سے بھی یکسر محروم ہیں۔

یوم مزدور کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر مزدوروں ‘ محنت کشوں اور کسانوں و دہقانوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر شمعیں روشن کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر پٹی ‘سینئروائس چیئرمین فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘ صدر سلیمان راجپوت‘ نائب صدر یونس سایانی ‘ راجہ انور ایڈوکیٹ ‘ اقبال ٹائیگر ‘ اقبال چاند ‘ میڈم انیتا ‘ میڈم تبسم و دیگر نے کہا کہ ایم آر پی عوامی اعتماد سے اقتدار میں آنے کے بعد مزدوروں کی کم ازکم اجرت نصف تولہ سونے کے برابر کرنے کے علاوہ ہر مزدور ‘ محنت کش ‘ کسان اور دہقان اور اس کے اہلخانہ کو مفت علاج کے ساتھ سرکاری سطح پر 5لاکھ روپے کی انشورنس پالیسی بھی فراہم کریگی جبکہ ہر ادارے کے30فیصد منافع کو مزدورں میں تقسیم کرنے کی قومی پالیسی بھی تشکیل دی جائے گی۔