حکمرانوں نے کراچی کو عوام سمیت فروخت کردیا ہے’ جی کیو ایم

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ٹریفک جام کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ ٹریفک جام کی ذمہ دار کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ ‘پولیس اور کنٹونمنٹ بورڈ ہین جن کے عہدیداران و اہلکاروں کی ملی بھگت سے نہ صرف شہر بھر میں ناجائز تجاوزات اور پتھارے قائم ہیں۔

بلکہ شہر کی ہر مصروف ترین شاہراہوںپر چارج پارکنگ کے نام پر منظور نظر افراد کو عوام کو لوٹنے اور ٹریفک جام کے مسائل پیدا کرنے کے باقاعدہ لائسنس دے دیئے گئے ہیں جبکہ ان چارج پارکنگزکو کامیاب بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کی مدد سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں اٹھاکر عوام کو پریشان بھی کیا جارہا ہے۔

ٹریفک پولیس کی رشوت خوری اور نااہلی سے ٹریفک کا نظام درہم برہم اور پولیس کی ناکامی سے قانون پر عملدرآمد ناپید ہوچکا ہے یہی وجہ ہے کہ شہر دور قدیم کی ایک ایسی بستی کا منظر پیش کررہا ہے جہاں صرف طاقت کا قانو ن اور وحشت کے ننگے ناچ کے سوا کچھ نہیں جبکہ حکمران محکموں کو منظور نظر افراد کے حوالے کرکے حصہ وصولی کی شرط پر چین کی بنسی بجارہے ہیں۔

عدالتیں نت نئے ایشوز میں اس قدر الجھی ہوئی ہیں کہ انہیں عوام کے دفاع و تحفظ کیلئے عوامی مسائل پر نظر ڈالنے اور ملک وقوم کو نقصان پہنچانے والے اقدامات پر سوموٹو ایکشن لینے کی فرصت ہی نہیں ہے۔