حکمرانوں نے عوام کیلئے زندگی عذاب بنادی ہے: آل پاکستان مسلم لیگ

کراچی : فوج کو ”دودھ پینے والا بلا“ کہنے والے جمہوریت پسندوں کی کرپشن اور لوٹ مارنے عوام کیلئے زندہ رہنا مشکل اور زندگی کو جبر و عذاب بنا دیا ہے، سیاسی ڈاکووں کی لوٹ مارکی وجہ سے مہنگائی عروج پر ہے، غربت و بیروزگاری نے عوام کو جکڑ رکھا ہے، بجلی لوڈشیڈنگ کے بعد اب گیس بندش نے عوام کے چولہے بھی ٹھنڈے کر دیئے ہیں اور صنعتوں کا پہیہ بھی روک دیا ہے جس کی وجہ سے معیشت تباہی سے دوچار اور مستقبل خطرات کا شکار ہو چکا ہے، دہشتگردی و بد امنی کے ساتھ جمہوری جماعتوں کے پالے ہوئے غنڈوں اور مافیاز نے عوام کا جینا دوبھر کرکھا ہے اور پاکستان تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ سند ھ کے جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو، فائنانس سیکریٹری شاہد قریشی، سید وصی الدین اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین نے پرویز مشرف پر رکھ کر فوج کو ”دودھ پینے والا بلا “ کہنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوج کیخلاف عوام کو اکسانے اور فوج کو بدنام کرنے کی سازشیں حد سے تجاوز کر چکی ہیں اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ و انتقام پرستی میں سیاستدان حب الوطنی کے دائرے سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔

ایک جانب سابق آرمی چیف کو لٹکاکر فوج کو خوفزدہ کر کے سیاستدانوں کا مطیع و تابع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تو دوسری جانب فوج پر الزامات و بہتان کے ذریعے فوج اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی سازش ہورہی ہے اور طرز عمل کسی بھی طرح محبانہ نہیں بلکہ کسی بیرونی سازش کا حصہ لگتا ہے جس کیخلاف فوج کو پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔