سفاری پارک سے نایاب ہرن اور دیگر جانور مبینا طور پر غائب کر دیئے گئے

Badin Safari Park

Badin Safari Park

بدین (عمران عباس) بدین کے نواحی شہر کڈھن کے قریب قائم سفاری پارک سے نایاب ہرن اور دیگر جانور مبینا طور پر غائب کر دیئے گئے، پورا پارک خالی ہوگیا، ذرائع کے مطابق گذشتہ تین سالوں کے دوران ہرنوں کے خرید و فروخت کا کاروبار ہونے کے باعث پارک اجڑ گیا۔

بدین کے نواحی شہر کڈھن سے 10کلومیٹر دور2011میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب وائلڈ لائف سفاری پارک بنایا گیا تھا جس میں اس وقت 120بیس ہر ن جس میں 20نر اور 100مادہ ہرن شامل تھے ان کو اس پارک میں چھوڑا گیا تھا، اس کے علاوہ بارہ سنگھے اور نیل گائے بھی چھوڑے گئے تھے، گذشتہ چار سالوں کے دوران اس پارک میں ہرنوں کی نسل بڑھنے کے بجائے کم سے کم ہوتی گئی ، آج سے تقریباََ دو سال قبل 85ہرن اور پچھلے سال ان کی تعداد میں اور بھی کمی ہوئی اور وہ 85سے ہوکر 56رہ گئے، گذشتہ دو تین سالوں میں یہ انکشاف ہوتے رہے کہ ان کی نسل بڑھنے کے بجائے کم ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ضلع بدین میں آنے والے مختلف وزراءاور بالا افسران کویہ ہرن تحفے میں پیش کیئے جاتے رہے ہیں یا پھر ان کی دعوتیں کرکے ان کو کھلادیئے گئے۔

بدین اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کی تفریح کے لیئے بنائے جانے والے اس پارک کی تعمیر پر اس وقت چالیس کروڑ سے بھی زائد کی رقم خرچ کی گئی تھی لیکن افسران کی مبینا کرپشن کے باعث پورا پارک ایک کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران اس پارک میں کسی بھی قسم کی کوئی تعمیرات نہیں کی گئی ، ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقات کے لوگوں کو کہنا ہے کہ اگر یہ پارک شروع ہوجاتا تو ضلع بدین ترقی کی راہ پر گامزد ہو جاتا۔

یہاں پر دیگر شہروں کے لوگوں کا آنا جانا شروع ہوجاتا اور یہاں کہ کاروبار پر بھی کافی اثر پڑ تا اس کے علاوہ ضلع بدین میں لوگوں کے تفریح کے لیئے کوئی بھی ایسا پارک یا کوئی اور شے موجود نہیں ہے جس سے لوگ فائدہ اٹھا سکیں بدین کے سفاری پارک میں موجود قیمتی جانوروں کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا یہ تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے لیکن بدین کے وائلڈ لائف سفاری پارک میں نایاب نسل کے ہرن،بارہ سنگھے اور نیل گائے پراسرار طور پہ گم ہو چکے ہیں۔