میں سلمان خان سے بہتر میزبان ہوں، شاہ رخ خان

Shahrukh Khan and Salman Khan

Shahrukh Khan and Salman Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے سلمان خان کی میزبانی پر انگلی اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ میں مجھ سے بہتر کوئی میزبان نہیں۔

اداکار شاہ رخ خان اور سلمان خان کا شمار بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے دونوں بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرتے ہیں جب کہ بھارت سمیت دنیا بھر میں دونوں کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔

بظاہر ایک دوسرے کے دوست نظر آنے والے دونوں خانز ماضی میں ایک دوسرے کے حریف رہ چکے ہیں یہاں تک کہ دونوں ایک دوسرے سے بات تک کرنا پسند نہیں کرتے تھے لیکن ایک تقریب کے دوران دونوں نے اپنی دشمنی کو بھلا کر پھر سے دوستی کا ہاتھ بڑھایا تھا لیکن آج بھی دونوں خود کو دوسرے سے بہتر دکھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان سے جب سوال پوچھا گیا کہ بالی ووڈ کا سب سے اچھا ایوارڈ شومیزبان کون ہے تو انہوں نے خود کو سب سے بہتر قراردیا۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ ایمانداری سے کہتا ہوں مجھ سے بہتر میزبان اور کوئی نہیں، میں سب سے اچھی میزبانی کرتا ہوں اور میں جھوٹ نہیں بول رہا، مجھے دوسرے میزبانوں کی طرح پرامپٹر پڑھنا نہیں پڑھتا۔ اگر آخری وقت میں شو میں کوئی تبدیلی کرنی پڑتی ہے تو میں سب کچھ سنبھال لیتا ہوں جب کہ سلمان بھائی ایسی صورتحال میں کہتے ہیں کہ میں ابھی نہیں آسکتا ایک گھنٹے میں آؤں گا۔

شاہ رخ خان نے اپنی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ بطور میزبان میری شخصیت بہت پرکشش ہے، ڈانس بھی کرلیتاہوں، انگریزی کے ساتھ ساتھ ہندی بھی روانی سے بولتا ہوں، میرے مقابلے میں دور دور تک کوئی اور نہیں۔

باصلاحیت اداکار ہونے کے ساتھ شاہ رخ خان کی حس مزاح بھی بہت اچھی ہے اور یہ سب وہ مذاق میں کہہ رہے تھے جس کا اعتراف انہوں نےاپنی بات کے آخر میں کیا۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ باقی سب بھی بہت اچھے ہیں، میں مذاق کررہا تھا، میں صرف ایک ایوارڈ شو فلم فیئرکی میزبانی کرتا ہوں جب کہ دوسرے اداکار زیادہ شوز کی میزبانی کرتے ہیں اور سب بہت اچھی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان رواں ماہ 63 ویں فلم فیئر ایوارڈ 2018 کی تقریب کی میزبانی کرتے ہوئے نظرآئیں گے جو20 جنوری کو منعقد کی جائے گی۔