سلمان خان کوبالی ووڈ میں اپنا مقام چھن جانے کا خوف ستانے لگا

Salman Khan

Salman Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ خان کسی کو خاطر میں نہیں لاتے لیکن صورتحال یہ ہے کہ ان پر ہر وقت فلم نگری میں اپنے مقام کے چھن جانے کا خوف سوار رہتا ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں سلمان خان نے کہا کہ دنیا کا ہر شخص اپنی عزت اورمقام برقراررکھنا چاہتا ہے جو شخص معاشرے میں جتنا معتبرہوتا ہے اسے اپنا مقام برقراررکھنے کے لیے اتنی ہی تگ و دو کرنی پڑتی ہے کیونکہ اسے ہر وقت اپنی اہمیت ختم ہوجانے کا ڈرلگا رہتا ہے اوریہ صورت حال خود ان کے ساتھ بھی ہے۔

سلمان خان کا کہنا ہے کہ بعض اوقات آپ اپنے کام میں بہت محنت کرتے ہیں لیکن اچانک ہی لوگ آپ کو چاہنا بند کردیتے ہیں اور یہ ہر ایک کے ساتھ ہی ہوتا ہے لیکن ایک فنکار کو اس صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے بہت مضبوط ہونا پڑتا ہے۔ سلمان خان نے اپنے والد سلیم خان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی میں بھی 2 بارایسا ہوا کہ جب انہیں بھلادیا گیا حتی کہ وہ خود بھی اس مرحلے سے گزر چکے ہیں۔

دبنگ خان کا کہنا تھا کہ زندگی بس فلموں میں ہیرو بنے رہنے کا نام نہیں بلکہ اس کے آگے بھی بہت کچھ ہے اور اس کے لیے بہت محنت کرنا پڑتی ہے، ان کی عمر میں آکر کئی اداکاروں نے اپنے فلمی کرئیرکو خیر باد کہہ دیا تھا،اپنا مقام بنائے رکھنے کے لیے ہمیں فلموں میں درد، تشدد سے بھی گزرنا پڑتا ہے تاکہ ہماری تعریف کی جاسکے۔

اپنی فلم کے ایک منظرکے بارے میں ذکرکرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک بار وہ خود کو اس منظرمیں دیکھ کر سوچ میں پڑ گئے تھے کہ جب یہ خود انہیں پسند نہیں آرہا تو مداح کیسے پسند کریں گے اور اس کے بعد ہی انہوں نے خود کو فٹ رکھنا بھی شروع کیا۔
واضح رہے کہ اداکار اپنی نئی آنے والی فلم “سلطان” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو کہ اگلے ماہ 8 جولائی کو سینیما گھروں کی زینت بنے گی۔