سانگھڑ : وزیر اعلیٰ کے سابق معاون خصوصی شاہد نظامانی کے گھر پر چھاپہ

Sanghar

Sanghar

سانگھڑ (جیوڈیسک) سانگھڑ میں صوبائی وزیر اعلیٰ کے سابق معاون خصوصی شاہد نظامانی کے گھر پر پولیس چھاپے کے بعد صورتحال کشید ہ ہو گئی۔ کئی گھنٹے تک پولیس اور نظامانی قبیلے کے مشتعل افراد میں آنکھ مچولی جاری رہی۔

فائرنگ اور شیلنگ کے بعد اہل علاقہ پولیس کے خلاف سراپا احتجاج ہو گئے۔ ضلع سانگھڑ کا نظامانی محلہ آج صبح اچانک میدان جنگ بن گیا۔ شہر کے مختلف مقامات پر پولیس اور مشتعل افراد میں آنکھ مچولی شروع ہو گئی۔ فائرنگ اور آنسو گیس شیلنگ کی آوازوں سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ذرائع کے مطابق چند روز قبل نظامانی اور بگٹی قبائل میں زمین کے تنازع پرتصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں نظامانی قبیلے کے حمایت یافتہ دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ تصادم کے بعد پولیس نے وزیراعلیٰ کے سابق معاون خصوصی شاہد نظامانی سمیت نظامانی اور بگٹی قبائل کے مختلف افراد کے خلاف مقدمات درج کئے۔ اسی سلسلےمیں پولیس نےآج صبح شاہد نظامانی کے گھر پر چھاپا مارا۔

چھاپے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ مشتعل افراد نے ٹولیوں کی شکل میں شہر کا گشت شروع کر دیا۔ مساجد سے شہر بند رکھنے کے اعلانات کیے گئے۔ پولیس نے نظامانی محلے کا گھیراؤ کر لیا۔ اچانک کارروائی پر نظامانی محلے کے مکین پولیس کے خلاف سراپا احتجاج ہو گئے اور ٹائر جلا کر مختلف سڑکیں بند کر دیں۔ مسلسل رابطوں کے باوجود پولیس سے رابطہ نہیں ہوا، جو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے۔