سردار عباس کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت سے تلہ گنگ ضلع کا کیس انتہائی کمزور ہو گیا ہے۔ سردار فیض

Faiz Tamman

Faiz Tamman

تلہ گنگ : سابق رکن قومی اسمبلی سردار فیض ٹمن نے کہا ہے کہ سردار عباس کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت سے تلہ گنگ ضلع کا کیس انتہائی کمزور ہو گیا ہے۔ن لیگ کے اراکین اسمبلی سردار عباس کی پارٹی میں شمولیت پر اپنا موقف عوام کے سامنے کیوں نہیں لا رہے۔وہ واضح کریں کہ عباس کو بخوشی قبول کیا یا کروایا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار فیض ٹمن نے کہا کہ سردار غلام عباس کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت سے مقامی نمائندوں کی کارکردگی پر سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔

ن لیگ کے اراکین اسمبلی نے کہا تھا کہ ہم عباس کا راستہ روکیں گے لیکن اب سردار عباس کی پارٹی میں شمولیت کے بعد وہ کیوں خاموش ہیں ؟اراکین اسمبلی کو عوام کے سامنے اپنا مئوقف لانا چاہئے اور بتانا چاہئے کہ انہوں نے عباس کی شمولیت پر کیسے سمجھوتا کیا؟ سردار فیض ٹمن نے تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سردار عباس کی شمولیت سے تلہ گنگ ضلع کی تحریک کو بہت نقصان پہنچا ہے اور پہنچے گا ۔کیا ن لیگ کے اراکین اسمبلی تلہ گنگ ضلع کے حوالہ سے بھی سردار عباس کے ساتھ سمجھوتا کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عباس کا راستہ روکنے والے اراکین اسمبلی پرانی تنخواہ پر ہی کام کر رہے ہیں اور کریں گے۔سب کو اپنے مفادات عزیز ہیں۔عوامی مسائل کے حل کے لئے کچھ نہیں کیا جا رہا،ممتاز ٹمن نے دو سال پہلے کہا تھا کہ نواز شریف تلہ گنگ جلسہ میں ضلع کا اعلان کریں گے لیکن دو سال گزر گئے کچھ نہیں ہوا۔صرف نعروں سے عوام کو بیوقوف بنایاجا رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا مسلم لیگ(ن) میں آنے کا کوئی پروگرام نہیں۔دوستوں کی مشاورت کے ساتھ ہی آئندہ کا لائحہ عمل طے کروں گا۔