سعودی عرب کی کوئٹہ میں دہشت گردی کی شدید مذمت

Saudi Arabia

Saudi Arabia

سعودی عرب (جیوڈیسک) سعودی عرب نے پاکستان کے شہر کوئٹہ میں سوموار اور منگل کی درمیانی شب پولیس ٹریننگ کالج پر دہشت گردوں کے خونی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے سعودی پریس ایجنسی ’واس‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج پر دہشت گردوں کا حملہ وحشیانہ اور غیرانسانی فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نہتے پولیس اہلکاروں کے وحشیانہ قتل کے واقعے پرسعودی عرب کی حکومت اور پوری قوم پاکستانی قوم کے ساتھ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب اور پاکستان مل کر کام کرتے رہیں گے۔

ریاض وزارت خارجہ نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے پولیس کیڈٹس کے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے ورثاء سے تعزیت کی ہے۔ خیال رہے منگل کی شب کوئٹہ میں پولیس کے ٹریننگ کالج پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں ساٹھ سے زاید پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک سو بیس زخمی ہوگئے تھے۔