ایم آر پی کی جانب سے سعودیہ میں زید حامد کو سزا کی مذمت

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہی حکومت پر تنقید کے جرم میں سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے معروف دفاعی تجزیہ کار زید حامد کی گرفتاری اور انہیں آٹھ سال قید کے ساتھ ایک ہزار کوڑوں کی سزا کی مذمت کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے سعودی حکومت کے اس اقدام کو آزادی رائے کا حق سلب کرنے اور میڈیا کو اپنا پابند و یرغمال بنانے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ زید حامد کی سزا ثابت کررہی ہے کہ سعودی عرب کے شاہی حکمران اپنی تمام تر اسلامی و فلاحی خدمات کے باوجود آمرانہ مزاج و کردار کے حامل ہیں اور اپنی غلطیوں کی نشاندہی ‘ ناقص حکمت عملی کی نقاب کشائی اور غلط اقدامات سے پردہ اٹھنا کسی طور برداشت نہیں کر سکتے۔

اسی لئے زید حامد کو آزادی اظہار کے جرم میں آٹھ سال قید کے ساتھ ہزار کوڑوں کی قتل و زنا سے بھی بڑی سزا دیکر میڈیا کو پابند وغلام بنانے کی کوشش کی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ اگر سعودی عرب کے شاہی حکمران مفاد پرستی سے مبرا ہوجائیں اور حقیقی معنوں میں مسلمانوں کے غمگسار بن جائیں تو دنیا میں کہیں بھی کوئی بھی کسی بھی مسلمان پر ظلم کو کجا اس کا حق تک تلف نہیں کرسکتا کیونکہ سعودی عرب سے زیادہ معاشی خوشحال و طاقتور ملک اس کرہ ارض پر کوئی اور نہیں ہے مگر شاہی حکمرانوں کے مفادات کی وجہ سے سعودی عرب کو عطا کردہ رب کی دولت و نعمت مسلمانوںکے مفاداور اتحاد و استحکام کی بجائے اغیار کے مفادات ومقاصد کی تکمیل کیلئے استعمال ہو رہی ہے۔